بھارت ایٹمی طاقت ہے‘ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا : بھارتی وزیر دفاع
بیجنگ (کے پی آئی) بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے کہاہے کہ چین کیساتھ سرحدی تنازعات حل کرنے کا بہترین موقعہ ہاتھ آیا ہے جسے گنوانا دانشمندی نہیں ہوگی ،تاہم انہوںنے چینی فوجی جنرل کی دھمکی کے رد عمل میں کہا کہ بھارت ایک جمہوری اور نیوکلیائی طاقت ہے اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا ۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران انکا کہنا تھا کہ بھارت ایک پر امن جمہوری ملک ہے اور پڑوسی ملک چین کیساتھ تمام طرح کے تعلقات کو فروغ دینے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوںنے اپنے چین کے دورے کے دوران چینی وزیر دفاع کیساتھ تمام سرحدی اےشو پر بات کی گئی تاہم انہوںنے کہا کہ صورتحا ل کو بہتر بنانے کیلئے دونوں ممالک نے اس بات پر اتفا ق کر لیا کہ اب کی بار دفاعی سطح پر معاملات کو سلجھانے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ چینی فوجی جنرل نے بھارت کو تازہ دھمکی دی ہے جس میںبھارت کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر اس نے چین کیساتھ سرحدی تنازعات حل نہیں کئے تو صورتحال کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوششیں رائیگاں ہو جائیں گی ۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے ملاقات کے دوران ہر ایک معاملے پر بحث کی اور جب بھی معاملات کشیدگی پر پہنچنا شروع ہو جائیں گے انہیں حل کرنے کی اسی شدت کیساتھ کوشش بھی کی جائیگی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم حالات کو ہر محاذ پر ٹھیک کرنے کی کوشش کرینگے تاہم چینی وزیراعظم نے یہاں تک کہہ دیا ہے کہ بھارت اور چین کے درمیان حالات کو کشیدگی سے بچانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔