آئندہ نسلیں بھی گجرات کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گی: پرویز الٰہی
گجرات (نامہ نگار) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے انشاءاللہ ہماری آئندہ نسلیں بھی گجرات کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گی، چودھری ظہورالٰہی شہید کی طرح ہم کبھی اہل گجرات سے دور نہیں ہوئے، یہی وجہ ہے مقامی گروپنگ سے قطع نظر لوگ ہم سے اور ہم ان سے محبت کرتے ہیں، گجرات یونیورسٹی کیلئے 5 سال میں ایک روپیہ نہ دینے والوں کا وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال چالو کرنے کا بھی کوئی ارادہ نہیں۔ وہ ظہور پےلس گجرات مےں مختلف یونین کونسلوں کی نمائندہ اور اہم شخصیات سے گفتگو کے علاوہ بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد کے علاوہ یوتھ ونگ کے پرجوش ارکان نے بھرپور شرکت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے فلک شگاف نعروں کی گونج میں اپنے ساتھیوں، کارکنوں اور بالخصوص یوتھ ونگ کے نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا حلقہ پی پی 110 کا نمبر کئی بار تبدیل ہوا لیکن ہم نہیں بدلے اورنہ آپ نے ہمارا ساتھ چھوڑا، آپ ہمارے وہ مخلص ساتھی ہیں جنہوں نے ہمیشہ چودھری ظہورالٰہی خاندان سے اپنا تعلق قائم رکھا، ہماری اور آپ کی تیسری نسل کا تعلق بھی بدستور قائم ہے، اس حلقہ سے اب چودھری مونس الٰہی کو کامیاب کرایاگیا، ہم نے مونس الٰہی سے کہا ہے ہماری طرح تم بھی ان کو اپنے ساتھ لے کر چلنا، تم ایک قدم چلو گے تو یہ تین قدم تمہارے ساتھ چلیں گے، اس میں کوئی شک نہیں کئی گاﺅں میں گروپنگ ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود ان تمام لوگوں کی ہمارے خاندان سے محبت قائم ہے اور ہم بھی انشاءاللہ نیک نیتی سے ان سب کی خدمت کرتے رہیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا آپ نے دیکھا پچھلے پانچ سال میں گجرات میں کوئی کام نہیں کیا گیا، اس بجٹ میں وزیر آباد کارڈیالوجی ہسپتال کیلئے صرف 10 لاکھ روپے رکھے گئے جن سے ہسپتال چالو نہیں ہو سکتا جبکہ پچھلے سال کی طرح گجرات یونیورسٹی کیلئے ایک روپیہ بھی نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا ایسی باتوں سے اہل گجرات کا حوصلہ پست اور ہمارے خاندان کے ساتھ ان کی محبت کو ختم نہیں کیا جا سکتا، ہم نے گجرات کے علاوہ گوجرانوالہ، منڈی بہاﺅ الدین، سیالکوٹ اور جہلم کے عوام کے فائدہ کیلئے وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال بنایا لیکن ان اضلاع سے تعلق رکھنے والے کسی ایم این اے اور ایم پی اے کو ہمت نہیں ہوئی کہ وہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کے بارے میں بات کریں لیکن ہم یہ ہسپتال انشاءاللہ چالو کر کے رہیں گے۔