قانون نافذ کرنے والے ادارے لاہور بم دھماکے کے ملزم تک پہنچ گئے: رانا ثنائ
فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے لاہور بم دھماکے کے ملزم تک پہنچ چکے ہیں۔ (ن) لیگ دہشت گردی روکنے کیلئے صرف طاقت کے استعمال پر یقین نہیں رکھتی، کسی بھی بنیاد پر ہتھیار ڈالنے والوں سے بات کرنے کو تیار ہیں، دہشتگردی سے متعلق وزیراعظم نوازشریف نے 12جولائی کو تمام پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کے فیصل آباد سے نومنتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ کے موقع پر سے منتخب ارکان اسمبلی نے صنعتی و کاروبار مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ملکی معاشی ترقی و خوشحالی کا بھرپور اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت توانائی بحران کے حل کےلئے اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لارہی ہے اس ضمن میں چین کے ساتھ آٹھ معاہدوں پر عمل درآمد سے ملک میں معاشی و سماجی انقلاب آئے گا۔صوبائی وزیر قانون بلدیات رانا ثنا ءاللہ نے کہا ملک میں امن و امان کے قیام کے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ بجلی و گیس چوری کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کردیا گیا ہے۔تمام طبقات ملک کی بہتری کےلئے تجاویز دیں جبکہ کرپٹ افسران اورسیاستدانوں کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشوکو بڑھانے کے اقدامات کرنا ہوں گے،بجٹ تیاری میں بہت قلیل وقت ملا اس میں چند چیزیں بجٹ فرینڈلی نہیں تھیں۔انہوں نے گزشتہ روز انارکلی لاہور میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی اور کہا دھماکے کرنے والے کسی بھی صورت معافی کے مستحق نہیں۔ اس موقع پر ایم این ایز عابد شیر علی، رانا افضل خان اورقیصر احمد شیخ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔