دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے: عمران نذیر
لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) لاہورکے جنرل سیکرٹری وممبر پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ کسی کو شہر لاہور یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ لاہور میں امن وامان کی صورتحال پرکوئی کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا۔ لاہور اور شیخوپورہ میں رونما ہونیوالے سانحات نے دورہ چین میں مصروف وزیراعظم میاں نوازشریف اور خادم پنجاب میاں شہبازشریف کوبے چین اور مضطرب کر دیا۔ ہماری قیادت عوام کی جان ومال کی حفاظت اوران کا معیار زندگی بلندکرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ شہر لاہور کے زندہ دل عوام مٹھی بھر دہشت گردوں سے خوفزدہ یامرعوب نہیں ہوں گے۔ دہشت گردی کے سدباب اور دہشت گردوں کے انجام تک ان کا تعاقب جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیگم کوٹ اتوار بازار کے دورہ کے دوران اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔