• news

سلیکشن کمیٹی پر تنقید‘ شاہد آفریدی‘ عمراکمل‘ شعیب ملک کیخلاف کارروائی کا امکان

لاہور (آئی اےن پی) شعیب کہتے ہیں باہر کیوں کیا، عمر کہتے ہیں چیمپئنز ٹرافی کیوں نہیں کھلائی، آفریدی کہتے ہیں سترہ سال بعد بھی نہیں معلوم کہ اگلا میچ کھیلوں گا بھی کہ نہیں۔ پی سی بی کی انضباطی کمیٹی تینوں کھلاڑیوں کے بیانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ تینوں کو انضباطی کاروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔گذشتہ دنوں میڈیا کے سامنے سابق کپتان اور چیمپئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شعیب ملک نے سلیکشن کمیٹی پر تنقید کرتے ہو ئے کہا کہ ایک دو میچز کی ناقص کارکردگی سلیکشن پر اثر انداز نہیں ہونی چاہیئے۔ مجھے نچلے نمبروں پر کھلایا جاتا ہے جس سے کارکردگی دکھانے کا موقع نہیں ملتا جب کہ انضمام مجھ سے اوپننگ کروایا کرتے تھے۔ عمر اکمل نے سلیکشن کمیٹی پر اس لئے تنقید کی تھی کہ انہیں چیمپئنز ٹرافی میں شامل نہیں کیا گیا تھا جب کہ گذشتہ روز انہوں نے یہ بیان بھی دیا تھاکہ انہیں پہلے سے وکٹ کیپنگ کے لئے نہیں بتایا گیا تھا اب انہیں وکٹ کیپر کی حیثیت سے بھی شامل کیا جارہا ہے۔ ان کے اس اعتراض پر کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کو وکٹ کیپنگ کے بارے میں پہلے ہی بتادیا گیا تھا۔ ان کا اعتراض سمجھ سے بالاتر ہے۔ بوم بوم آفریدی کو شکوہ ہے کہ سترہ سالہ خدمات کو نظر انداز کردیا جاتا ہے۔ انہیں یہ نہیں معلوم ہوتا کہ اگلا میچ کھیلیں گے یا نہیں کھیلیں گے۔تینوں کھلاڑیوں کے میڈیا بیانات کے بعد اس بات کے واضح امکانات ہیں کہ ان کے خلاف انضباطی کاروائی ہوسکتی ہے۔ پی سی بی ان کی تنقید کا جائزہ لے رہی ہے۔ اگر ان کھلاڑیوں نےپلیئرز کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی ہے تو ان تینوں کھلاڑیوں کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن