• news

ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پر بیرونی دباﺅ قبول نہیں کریں گے: احسن اقبال

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر پلاننگ کمشن اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ میں بتدریج کمی لا رہے ہیں تاہم خاتمے کیلئے ڈیڈ لائن نہیں دے سکتے گیس ہماری ضرورت ہے اس کے بغیر معیشت نہیں چل سکتی‘ ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بیرونی دباﺅ کو قبول نہیں کریں گے کوئلے سے بجلی بنانے کے منصوبوں میں چین تعاون کرے گا۔ نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں دونوں ملک بہترین دوست ہیں پاک چین دوستی کو روایتی کے بجائے اقتصادی بنیادوں پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیاں کوئلے سے بجلی بنانے والے منصوبوں میں تعاون کریں گی۔ گیس جہاں سے بھی مل رہی ہے ہم لیں گے ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کے مفاد میں ہے اس پر جس کو اعتراض ہے و ہ ہمیں سستی گیس لاکر دے دے۔ آوے کا آوا بگاڑ کر ملک ہمارے ہاتھ میں دیا گیا پاکستان کی سمت کو درست کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں بلٹ ٹرین جیسے نئے منصوبے آئیں گے تو روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ دہشت گردی کی نئی لہر کا سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہو گا۔ ملک میں قیام امن اولین ترجیح ہے۔ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے یکساں حکمت عملی اپنانا ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن