ضمنی انتخابات، کاغذات جمع کرانے کا مرحلہ مکمل، جانچ پڑتال کل سے ہو گی
اسلام آباد+لاہور (اے پی پی+اپنے نامہ نگار سے) قومی اسمبلی کے 16اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں میں ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل سے شروع ہو گی جو 17 جولائی تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کی 16 خالی نشستوں میں پنجاب سے 7‘ سندھ سے 3‘ خیبرپی کے سے 6 اور بلوچستان کی ایک نشست پر ضمنی انتخاب ہونا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی کی 14‘ سندھ اسمبلی کی 4‘ خیبر پی کے کی 4 اور بلوچستان اسمبلی کی تین نشستوں پر بھی ضمنی انتخاب ہو گا۔ واضح رہے کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 224کی شق 4کے مطابق ان حلقوں میں ضمنی انتخاب 60 روز میں کرانا ضروری ہیں تاہم آرٹیکل 254میں قرار دیا گیا ہے کہ اگر کوئی کام اپنے طے شدہ میعاد کے مطابق نہیں ہو سکتا تو اسے قانونی طور پر ناجائز قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اسی آرٹیکل کو مد نظر رکھتے ہوئے ضمنی انتخاب رمضان المبارک کے بعد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 3 سے 9جولائی تک جمع کرائے گئے۔ ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد کئے جانے کے خلا ف اپیلیں 22جولائی کو کی جا سکیں گی۔کا غذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 جولائی ہے۔حتمی فہرست 31 جولائی کو جاری کی جائے گی۔ پولنگ 22 اگست کو ہو گی۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن نے پنجاب اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشست پر کرنے کیلئے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ کاغذات آج جمع کرائے جا سکیں گے۔ لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور میں قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی 3نشستوں پر پیپلز پارٹی کے صرف 7 امیدواروں سمیت کل 125 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔ کاغذات جمع کرانے والے زیادہ تر امیدواروں کی تعداد حکومتی جماعت مسلم لیگ (ن) سے ہے۔ میاں مرغوب، چودھری سلیم علی، نصیر بھٹہ، ڈاکٹر سعید الہی، پاکستان تحریک انصاف کے منشاءسندھو، آپ جناب پارٹی سرکار کے ڈاکٹر امبر شہزادہ، عبدالعلیم خان، خواجہ سلمان رفیق بھی کاغذات جمع کرانے والوں میں شامل ہیں۔