• news

نوازشریف کے پاس بھارت سے آزاد تجارتی معاہدے کا بہترین موقع ہے: امریکی اخبار

واشنگٹن (آئی این پی/ این این آئی) امریکی اخبار ”دی کرسچئن سائنس مانیٹر“ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے پاس بہترین موقع ہے کہ بھارت کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ کرےں، بھارتی کانگریس کی آئندہ انتخابات میں کامیابی کیلئے یہ معاہدہ ضروری ہے اور جنوبی ایشیا میں امن کا واحد راستہ باہمی تجارت ہے، دونوں ممالک کے درمیان حائل رکاوٹوں کو ختم کرکے تجارت کا حجم 40ارب ڈالر سالانہ کیا جا سکتا ہے۔ امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ غربت کے خاتمے کے لئے صرف تجارت ہی حل نہیں۔ لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک آزاد تجارتی معاہدہ اقتصادی ترقی اور علاقائی امن میں مدد دے گا۔ دونوں ممالک میں سیاسی فضا کبھی بھی بہتر نہیں رہی۔ پاکستان کے نئے وزیر اعظم نواز شریف کو ان لمحوں کو اپنی گرفت میں لینا چاہئے۔ نواز شریف کو کوئی کم چیلنجز کا سامنا نہیں، تباہی کے دہانے پر کھڑی معاشی صورت حال، بجلی بحران سے ہر طرف چھایا اندھیرا، نسلی اور فرقہ وارانہ کشیدگی اور اندرونی دہشت گردی کے خطرے جیسے مسائل کا نواز شریف کو سامنا ہے۔ اس سال بھارت کو تجارتی لحاظ سے پسندیدہ ملک کا درجہ دے کر پاکستان بھارت تجارتی تعلقات کو معمول پر لانا ہے لیکن نواز شریف کو اس سے بھی ایک قدم آگے جانا چاہیے اور شمالی امریکہ کے آزاد تجارتی معاہدے کی طرز پر پاکستان بھارت آزاد تجارتی معاہدہ کرنا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن