فنڈز کی عدم فراہمی ‘ تھرکول سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ التوا کا شکار ہے: ثمر مبارک مند
کراچی(اے پی اے ) ڈاکٹر ثمر مبارک مند کا کہنا ہے کہ فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث تھرکول سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ التوا کا شکار ہے۔ حکومت دو ارب روپے دے تو آٹھ سو میگاواٹ بجلی کا پلانٹ لگا کر ابتدائی پیداوار شروع کی جا سکتی ہے۔ معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے فنڈز کے اجراء میں سست روی کے باعث منصوبے کی لاگت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور رواں سال بھی صرف دس فیصد فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ رواں سال کے دوران اگر دو ارب روپے دیئے جائیں تو آٹھ سو میگاواٹ کا پلانٹ نصب کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ماہرین نے تھرکول کے کوئلے کو بجلی کی پیداوار کے لئے بہترین قرار دیا ہے۔ تھر میں کوئلے کے ایک سو پچہتر ارب ٹن ذخائر ہیں، کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگت سات سینٹ فی یونٹ ہوگی جبکہ فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت اٹھارہ سینٹ فی یونٹ ہے۔