لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری، پانی کی بھی قلت، شیخوپورہ میں مظاہرے
لاہور (نامہ نگاران) لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا جس پر شہری سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کئی شہرو ں میں پانی کی بھی قلت رہی۔ شیخوپورہ میں 16 سے 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ جہلم اور گرد و نواح میں بجلی کی لوڈشےڈنگ کا دورانےہ 18 گھنٹے تک جا پہنچا جس سے شہریوں نے حکومت اور واپڈا کے خلاف پرزور احتجاج کےا۔ سرگودھا میں بھی بدترین لوڈ شیڈنگ جاری رہی جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں 16 تا 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔ گذشتہ روز مین بازار، جنڈیالہ روڈ، خالد روڈ سمیت 4 مقامات پر شہریوں نے سخت نعرہ بازی کرتے ہوئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ لودھراں کے نواحی علاقہ چھمب موڑ کے بیسیوں افراد نے واپڈا آفس پر ڈنڈوں اور سوٹوں سے حملہ کر کے 5 اہلکار زخمی کر دیئے۔