نواز شریف کشمیر میں جتنے چاہیں ڈیم بنائیں ساتھ دینگے: سردار یعقوب خان
لاہور (وقائع نگار خصوصی+آئی این پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد کشمیر اور کشمیری قوم کی پشت بان کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس پلیٹ فارم سے ہمیشہ کشمیریوں کے حق کےلئے م¶ثر آواز اٹھائی گئی۔ لاہور سے کشمیریوں کا تعلق بہت پرانا ہے۔ علامہ اقبالؒ جیسے عظیم مفکر کی رہائش گاہ اور داتا کی نگری لاہور میں آج بھی بڑی تعداد میں کشمیری آباد ہیں، جو یہاں کی سیاست، معیشت اور ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہاﺅس اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے پہلے بھی لاہور کے سیاسی رہنماﺅں کا وہ کردار یاد ہے جب 1930ءمیں لاہور کے رہنماﺅں نے علامہ اقبالؒ کی سربراہی میں کشمیری کمیٹی قائم کر کے مہاراجہ کی شخصی غلامی سے نجات دلانے کے لئے آواز بلند کی تھی۔ اس پر آج بھی کشمیری زندہ دلان لاہور کے ممنون احسان مند اور شکرگزار ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے کیانی ہال میں صدر آزاد کشمیر کا خطاب سننے کے لئے وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اسی مسئلے سے خطے اور کسی حد تک اقوام عالم کا امن بھی جڑا ہوا ہے۔ بھارت کو اس مسئلے کے حل کےلئے ایک ایسی مثبت تبدیلی لانا ہو گی جس سے کوئی قابل قبول حل برآمد ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے پہلے 1940ءمیں منٹو پارک لاہور کے جلسہ عام میں قرارداد پاکستان منظور ہوئی تھی۔ اس تاریخی جلسے میں کشمیری قوم کے نمائندہ وفد نے میرے حلقہ اور قبیلے سے تعلق رکھنے والے مولانا غلام حیدر جنڈالوی نے شرکت کی۔ بانی پاکستان قائداعظمؒ نے اپنے خطاب کو مختصر کر کے کشمیری وفد کے رہنما کو وقت دیا اور ان کی پوری تقریر بڑی توجہ سے سنی۔ جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بانی پاکستان کو کشمیری قوم سے کتنی محبت تھی۔ بانی پاکستان نے ہمیشہ اس مسئلے کو بنیادی اہمیت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کی ترقی لازم ملزوم ہے۔ پنجاب کے کھیتوں کی ہریالی کشمیر سے آنے والے دریاﺅں کی مرہون منت ہے۔ کشمیر کے ان دریاﺅں کے پانی میں کشمیری قوم کا خون بھی شامل ہوتا ہے۔ کشمیری قوم پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور تکمیل پاکستان کے لئے قربانیاں دے رہی ہے لیکن اب پاکستان میں ایسا طبقہ سر اٹھا رہا ہے جو کشمیر کو سر کا بوجھ سمجھ رہے ہیں جو افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا حضرات کی ذمہ داری ہے کہ اپنی حکومتوں کو مسئلہ کشمیر کو پس پشت نہ ڈالنے دیں۔ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے لئے وکلا کا قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں۔ وکلا کی جدوجہد کی بدولت ملک میں جمہوریت قائم اور عدلیہ آزاد ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ لاہور اور پنجاب سے میرا خصوصی سیاسی تعلق بھی ہے۔ اس حلقے سے آزاد کشمیر اسمبلی میں میرے بھائی الحاج سردار زماں خان ممبر اسمبلی رہے۔ اس سے پہلے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر نے آزاد کشمیر کے صدر کو جنرل ہاﺅس اجلاس میں خوش آمدید کہا اور وکلا سے خطاب کرنے کی دعوت دی۔ خطاب کے دوران وکلا نے کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ آئی این پی کے مطابق سردار یعقوب نے کہا کہ کشمیری ظلم سہ کر بھی پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ نواز شریف کی حکومت کو اپنی حکومت سمجھتے ہیں وہ کشمیر میں جتنے چاہیں ڈیم بنائیں ساتھ دینگے۔