لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش ‘ گوجرانوالہ میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے4 افراد ہلاک
لاہور+ گوجرانوالہ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں گذشتہ روز موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گوجرانوالہ میں بارش کے باعث ایک بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی جس کے باعث ایک ہی خاندان کے 4افراد ہلاک جبکہ 8زخمی ہو گئے جبکہ شکرگڑھ میں نالہ بسنتر میں طغیانی سے طالب علم ڈوب کر دم توڑ گیا۔ نوشہرہ میں بارش نے تباہی مچا دی، مانکی شریف میں بھی چھت گرنے سے بچی ہلاک جبکہ اسکا بھائی اور ماں زخمی ہو گئے، قور میں مکان کی چھت گرنے سے 3بچے دب کر شدید زخمی ہو گئے۔ کالاباغ میں بارشوں سے پہاڑی برساتی نالے بپھر گئے جس کے باعث متعدد گھروں کو نقصان ہوا جبکہ کچھ تندرخیل کے مقام پر کالاباغ شکردرہ روڈ پر واقع پل ٹوٹ گیا۔ متبادل راستہ نہ ہونے کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، خیبر پی کے اور پنجاب کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ کے علاقہ ظفراللہ کالونی کے رہائشی ندیم کے ہاں مہمان آئے ہوئے تھے لیکن گزشتہ روز صبح کے وقت تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ ندیم کا گھر جوکہ بوسیدہ حالت میں تھا تیز بارش کو برداشت نہ کرسکا اور اس کی چھت اہل خانہ اور مہمانوں پر آن گری جس سے ندیم کی 4 سالہ بیٹی علیشبا، 50 سالہ عبدالمجید اس کا 7 سالہ بیٹا حیدر اور ندیم کا بھائی 10 سالہ زین علی ملبے کے نتیجے دب کر ہلاک ہوگئے۔ علاوہ ازیں ندیم، اس کی اہلیہ فضیلت ، 7 سالہ بیٹا حسن اور 8 سالہ حسنین علی جبکہ مہمان متوفی عبدالمجید کا 14 سالہ بیٹا غلام دستگیر، 8 سالہ بیٹی مافیہ، 7 سالہ حیدر علی اور 6 سالہ بلال زخمی ہوگئے جن میں سے حسنین علی کو تشویشناک حالت میں لاہور کے ہسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ ادھر خیبر پی کے کے دریائے کابل میں ورسک اور نوشہرہ، دریائے سندھ میں خیر آباد، دریائے پنج کوڑہ میں دیر اور دریائے سوات میں چارسدہ روڈ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق بارش کے باعث لاہور میوزیم کے چار سیکشن کی چھتیں ٹپک پڑیں۔ بارش سے جنرل گیلری، وادی سندھ کی تہذیب، اسلامک سیکشن اور گندھارا گیلری کی چھتیں ٹپکیں۔ میوزیم انتظامیہ نے پلاسٹک سے قیمتی نوادرات کو بچانے کی کوشش کی۔ میوزیم انتظامیہ کے مطابق سو سال سے زائد پرانی عمارت ہے اس لئے ایسے مسائل ہوتے رہتے ہیں۔ شکرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق سرحدی گاﺅں کھرال کا رہائشی ساتویں کلاس کا طالب علم عبداللہ مقبول نالہ بسنتر کی بے رحم لہروں کی نذر ہو گیا یہ پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔ سرگودھا، جوہر آباد اور دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ امیر باز خان میں مکان کی چھت گرنے سے 3بچے شدید زخمی ہو گئے۔ ڈاکٹر اصغر علی اپنے گھر میں موجود تھا، چھت نیچے آن گری۔