اوگرا سی این جی سیکٹر کو تباہ کرنے کے لئے عدالتوں کو گمراہ کر رہی ہے: غیاث پراچہ
اسلام آباد (ثناءنیوز) چیئرمین سپریم کونسل آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ سی این جی شعبہ کے خلاف کرپٹ افسران اور مافیا کی سازشیں زور پکڑ گئی ہیں جس کے تحت ہزاروں کے لائسنس منسوخ کر دئیے گئے ہیں جن کا وزیراعظم نوٹس لیتے ہوئے میرٹ پر فیصلہ کریں اور سی این جی دوست پالیسی کا اعلان کیا جائے، طاقتور لابی نے سی این جی آپریٹرز اور پینتیس لاکھ گاڑی مالکان کو ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے جس کا مقصد چار سو ارب روپے کی دنیا کی سب سے بڑی سی این جی انڈسٹری کا خاتمہ ہے۔ غیاث پراچہ نے یہاں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوگرا سی این جی سیکٹر کو تباہ کرنے کے لئے اپنے قوانین پامال کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ کے پانچ جولائی 2013ءکے فیصلے میں میں لائسنسوں کی منسوخی یا کنکشن منقطع کرنے کا نہیں کیا گیا۔