• news

بلال شیخ میرے بیٹے کی طرح تھا، کارکن پرامن احتجاج کریں: صدر زرداری

لاہور+ کراچی (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار) صدر آصف علی زرداری نے بلاول ہاﺅس کے چف سکےورٹی افسر بلال شےخ کی ہلاکت پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”آج کا دن مےرے لئے غمگےن دنوں مےں سے اےک دن ہے“۔ انہوں نے کہا کہ بلال شےخ نہ صرف مےرا بااعتماد اور وفادار افسر تھا بلکہ وہ مےرے لئے بےٹے کی طرح تھا جس نے پےپلز پارٹی کیلئے بھی قابلِ قدر خدمات سر انجام دےں۔ بلال شےخ شہےد بے نظےر بھٹو کے ساتھ اس ٹرک مےں سکےورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے جس پر کراچی مےں دہشت گردوں نے حملہ کےا تھا۔ صدر نے پےپلز پارٹی کے کارکنوں سے اپےل کی ہے کہ بلال شےخ کے خودکش حملہ مےں انتقال پر پرامن احتجاج کرےں اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرےں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ آج کا دن میری زندگی کے اداس ترین دنوں میں سے ایک ہے، بلال شیخ کی پیپلز پارٹی کیلئے بے شمار قربانیاں ہیں، بلال شیخ میرا بااعتماد ساتھی تھا، وہ بیٹوں کی طرح تھا۔ دوسری جانب آصفہ بھٹو زرداری نے سماجی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ بلال شیخ کو منظم منصوبے کے تحت قتل کیا گیا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اس بات سے خوف آتا ہے کہ دہشت گرد کتنے باخبر ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے بلال شیخ پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی اس بہیمانہ کارروائی کے پس پردہ جمہوریت دشمن اور انتہا پسند ذہنیت ہے جس سے لوگوں کو اپنے عزم واتحاد کیساتھ روکنا ہوگا۔ اس طرح کے بزدلانہ اقدامات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے جمہوریت کی بحالی کیلئے بلال شیخ کی جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور ان کے اہل خانہ کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ صوبائی وزیر سید اویس مظفر نے کہا کہ بلال شیخ نے ملکی بقا کیلئے پیپلز پارٹی کی قربانیوں کا ایک اور باب رقم کردیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں اور کارکنوں نے جمہوریت کی بحالی اور پاکستان کی بقاءکیلئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل نے بلال شیخ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلال شیخ نے صدر آصف علی زرداری کی جیل میں بھی خدمت کی تھی۔ بلال شیخ کے دنیا سے چلے جانے کا یقین نہیں آرہا۔ سندھ کے سینئر وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو اور وزیر قانون ڈاکٹر سکندر میندھرو نے بھی بلال شیخ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ہمیں عوام کی خدمت، جمہوریت کے تحفظ اور ملک کی بقاءکی جدوجہد سے الگ نہیں کرسکتے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل تاج حیدر، سیکرٹری اطلاعات وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے سیکرٹری اطلاعات لطیف مغل اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماﺅں نے بھی بلال شیخ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی اور جمہوریت اور پارٹی کیلئے بلال شیخ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بلال شیخ کی گاڑی پر دھماکے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بم حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے اسے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس واقعہ کی آئی جی سندھ سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے حملے میں ملوث دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے دیگر جاںبحق افراد کے لواحقین سے بھی دلی ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ بلال شیخ کی ہلاکت کیخلاف پیپلز پارٹی آج سندھ بھر میں پرامن یوم سوگ منائےگی۔ بلال شیخ کا قتل پیپلز پارٹی کیلئے بڑا نقصان ہے، کاروبار اور ٹرانسپورٹ کھلے رہیں گے، کارکن قرآن خوانی کا اہتمام کریں۔ بلال شیخ کی جیل میں بھی صدر آصف علی زرداری کیلئے گرانقدر خدمات تھیں۔ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیگی۔ پیپلز پارٹی ضلع وسطی کراچی کے صدر سہیل عابدی نے کہا ہے کہ بلال شیخ کی نماز جنازہ آج گلبہار کراچی کے قریب خاموش کالونی سٹاپ پر صبح 11 بجے ادا کی جائیگی۔ بلال شیخ کی تدفین لیاقت آباد سی ایریا کے قبرستان میں ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن