کیرن سیکٹر میں جاری جھڑپ ختم، مزید 3 مجاہد شہید، ایک بھارتی فوجی ہلاک
سرینگر (آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان جاری جھڑپ ختم ہو گئی۔ ایک بھارتی فوجی واصل جہنم، متعدد زخمی،مزید تین مجاہدین شہید ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تازہ جھڑپ اس وقت ہوئی جب بھارتی فوج نے دراندازی کا بہانہ بنا کر کیرن سیکٹر کے ایک قصبہ پر اچانک دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی قومی اہلکار تلاشی کے بہانے لوگوں کے گھروں میں گھس گئے اس دوران مجاہدین نے کمانڈو ایکشن کرتے ہوئے فوجیوں کو منہ توڑ جواب دیا فورسز اور مجاہدین کے درمیان دوطرفہ فائرنگ کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا جس میں ایک بھارتی فوجی واصل جہنم اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مجاہدین کا ایک گروپ کرن سیکٹر میں داخل ہونے کی کوشش میں مصروف تھا کہ فوج نے اطلاع ملنے پر بروقت کارروائی کرکے یہ کوشش ناکام بنا دی فوج نے اس کارروائی کے دوران آٹھ مجاہدین کو شہید کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ ادھر کپواڑہ ، پونچھ اور اوڑی سیکٹر میں بھی رات بھر فوج اور مجاہدین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا اور پورا علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔ آخری اطلاعات تک جھڑپ کا سلسلہ صبح تک جاری رہا جس میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ادھر ادھمپورا میں مجاہدین نے فوجی کیمپ میں گھس کر ایک اہلکار کو اغواءکرلیا ہے۔ بھارتی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ مژھل سیکٹر میں مزید 350 مجاہدین سرحد پار لانچنگ پیڈوں پر تیار بیٹھے ہیں ادھر بھارتی وزارت داخلہ نے مجاہدین کے تابڑ توڑ حملوں اور کارروائیوں کے بعد فیلڈ کمانڈروں کو وسیع پیمانے پر آپریشن کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں اس سلسلہ میں فوج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔