قصور میں محنت کش‘ بیوی اور 3 کمسن بیٹیوں سمیت قتل
قصور (نامہ نگار) قصور کے نواحی گاﺅں مان میں نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر محنت کش کو بیوی اور تین کمسن بیٹیوں سمیت بیدردی سے قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نامعلوم ملزمان 42 سالہ محنت کش امجد کے گھر میں گھس آئے اور اسکی 38 سالہ بیوی ریحانہ بی بی، انکی تین بیٹیوں 12 سالہ ہنسہ بی بی، 8 سالہ زنیرہ بی بی اور 6 سالہ زہرہ بی بی کو بڑی سفاکی سے قتل کر دیا۔ تین بیٹیوں اور انکی والدہ کو کسی تیز دھار آلے سے گلے کاٹ کر ذبح کیا گیا تھا جبکہ گھر کے سربراہ امجد کو گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ ان کا چار سالہ بیٹا علی حسین معجزانہ طور پر بچ گیا۔ پولیس مختلف زاویوں سے اس اندوہناک واقعہ کی تفتیش کر رہی ہے۔ یہ بھی شبہ کیا جا رہا ہے کہ گھر کے سربراہ محنت کش امجد نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر پہلے اپنی بیوی اور بیٹیوں کو ذبح کیا اور پھر بعد میں اپنے آپ کو گولی مار کر خودکشی کر لی تاہم پولیس تھانہ صدر قصور مصروف تفتیش ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پولیس کے مطابق مزدور نے اپنی بیوی اور تینوں بیٹیوں کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا۔ پھر خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کر لی۔ اس سے پہلے اس نے اپنے اکلوتے بیٹے کو ہمسائے کے گھر بھیج دیا تھا۔