آج پہلا روزہ ہے، مساجد میں نمازیوں کا رش، سکیورٹی سخت
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں گزشتہ شام چاند نظر آنے کے بعد رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا، آج پہلا روزہ ہے ۔ اس حوالے سے گزشتہ شام سے ہی مساجد میں اللہ تعالیٰ کے آگے سربسجود ہونیوالوں کا رش بڑھ گیا جس کے پیش نظر مساجد اور امام بارگاہوں کے گرد سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی۔ لوگوں نے خشوع و خضوع کیساتھ تراویح ادا کیں جبکہ بازاروں میں افطاری اور سحری کیلئے اشیائے خوردونوش اور دیگر سامان خریدنے والوں کا رش بڑھ گیا۔ واضح رہے کافی عرصہ بعد صوبہ خیبر پی کے، کے عوام بھی اہل وطن کے ساتھ آج روزہ رکھیں گے۔ گزشتہ روز پشاور کی جامع مسجد قاسم نے بھی چاند نظر آنے پر آج جمعرات کو پہلا روزہ رکھے جا نے کا اعلان کیا تھا تاہم افغانستان سے متصل قبائلی علاقوں مہمند ایجنسی، باجوڑ ایجنسی، خیبر ایجنسی اور مہاجرین کیمپ میں گزشتہ روز بدھ کو پہلا روزہ رکھا گیا۔ اسی طرح سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، فلسطین، یورپی ممالک اور امریکہ میں بھی روزہ رکھا گیا۔ دریں اثناءرمضان المبارک کے آغاز پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے قوم کو مبارکباد دی ہے۔ صدر مملکت نے کہا روزہ عبادت کے ساتھ ساتھ اخلاقی نظم و ضبط کی بھی تربیت ہے۔ اس ماہ مبارک کے آغاز پر ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ہم مالک حقیقی کی رضا کیلئے سرگرم عمل رہیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ طویل عرصے بعد بطور منتخب وزیراعظم انہیں قوم کو ماہ صیام کے آغاز پر مبارکباد دینے کی سعادت ملی ہے جس پر وہ اللہ کے شکرگزار ہیں۔ اس مقدس مہینے میں قرآنی تعلیمات کے مطابق قوم و ملک کی خدمت کو شعار بنانا چاہئے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے بھی ماہ صیام کے آغاز پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ماہ متبرک اطاعت خدا و رسول کا سبق دیتا ہے۔ ہمیں خط غربت سے نیچے زندگیاں گزارنے والے اپنے لاکھوں ہم وطنوں کے دکھ اور مسائل کا احساس کرنا اور انہیں حل کرنے کیلئے کوششیں بھی کرنی چاہئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھی ماہ مقدس کے آغاز پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک ایثار کا درس دیتا ہے، ان بہن بھائیوں کا زیادہ سے زیادہ خیال ر کھیں جو ہماری توجہ کے مستحق ہیں۔