• news

کوئٹہ: بم دھماکے کا نشانہ بننے والی یونیورسٹی دوبارہ کھل گئی

کوئٹہ (ثناءنیوز) کوئٹہ میں بم دھماکے کا نشانہ بنائی گئی خواتین کی واحد یونیورسٹی سردار بہادر خان یونیورسٹی پچیس دن بعد دوبارہ کھول دی گئی ہے ۔ سردار بہادر خان یونیورسٹی کی طالبات نے دہشت گردی کے خلاف احتجاج کیا تاہم انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ تعلیم کے حصول کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔ سردار بہادر خان یونیورسٹی میں پچیس دن بعد تدریس دوبارہ شروع ہوئی تو لڑکیوں کی بڑی تعداد جامعہ پہنچ گئی۔۔ طالبات دھماکے میں جاں بحق ہم جولیوں کی یاد میں جمع ہوگئیں اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔۔ ان کا مطالبہ تھا کہ وائس چانسلر سکیورٹی سے متعلق ان کے خدشات دور کریں۔دہشت گردی کا شکار یونیورسٹی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔۔ دیواروں پر باڑھ اور مختلف مقامات پر سولہ خفیہ کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔۔ بسوں کے راستوں پر زمینی سکینرز اور پیدل افراد کے لیے واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں۔ داخلے سے پہلے خواتین سکیورٹی اہلکار طالبات اور سٹاف کی تلاشی لیں گی۔دھماکے کو پچیس دن گزرگئے لیکن طالبات کے ذہنوں سے اس کی ہولناک یادیں مٹ نہ سکیں۔۔ ان کا کہنا تھا سکیورٹی انتظامات پہلے ہی کرلیے جاتے تو سانحہ رونما نہیں ہوتا۔ باہمت طالبات کا کہنا تھا کہ وہ خوف کے سبب تعلیم سے رشتہ نہیں توڑیں گی۔طالبات نے عزم کیا کہ وہ تعلیم کے ذریعے دہشت گردوں کے مقاصد کو ناکام بنادیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن