کراچی: فائرنگ کے واقعات، 8 افراد ہلاک، 2 ٹارگٹ کلرز سمیت 15 گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا اور شہر کے مختلف علاقوں میں تشدد اور فائرنگ سے 8 افراد ہلاک اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح ملیر کینٹ کے علاقے میں ملٹری ڈیری فارم کے قریب سے دو افراد کی ہاتھ پاﺅں بندھی نعشیں ملیں۔ دونوں مقتولین کی شناخت 30 سالہ حسن نواز اور 29 سالہ رزاق کی حیثیت سے ہوئی جو پولٹری فارم میں کام کرتے تھے۔ دونوں کو نامعلوم افراد نے اغوا کے بعد گولیاں مارکر قتل کیا۔ ادھر میٹھادر کے علاقے کاغذی بازار میں مصطفی مسجد کے نزدیک گولڈن فوڈ شاپ والی گلی سے ایک نوجوان کی لاش ملی جسے سر میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا، تاہم مقتول جس کی عمر تقریباً 28 سال تھی، کی شناخت نہیں ہوسکی۔ نیو کراچی کے علاقے خمیسو گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان 25 سالہ رہبر ہلاک ہوگیا اور بلدیہ ٹاﺅن کے سیکٹر فور اے میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے خوانچہ فروش 35 سالہ رضا خان کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ گلشن اقبال کے علاقے قائداعظم کالونی میں فائرنگ سے 70 سالہ پیر محمد ہلاک اور 45 سالہ حکیم زخمی ہوگیا جبکہ بلدیہ کے علاقے رئیس گوٹھ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے جن میں سے ایک کی عمر 45 سال اور دوسرے کی 50 سال تھی۔ دریں اثناءفیروزآباد کے علاقے میں شہید ملت روڈ پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ایک کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کار شورو کا مالک 28 سالہ عمر اور اسکا ڈرائیور 25سالہ نادر خان زخمی ہوگئے۔ سائٹ کے علاقے میں نورس چورنگی پر مسلح افراد کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار 16 سالہ آصف زخمی ہوگیا۔ ناظم آباد نمبر چار میں گوجر نالے کے اسٹاپ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ دلشاد زخمی ہوگیا جبکہ لائنز ایریا میں فائرنگ سے 39 سالہ قمرالدین زخمی ہوگیا۔ علاوہ ازیں سی آئی ڈی پولیس نے اورنگی ٹاﺅن میں چھاپہ مار کر ٹارگٹ کلنگ کی پچاس سے زائد وارداتوں میں ملوث ملزم اشرف اور نوشاد کو گرفتار اور اس کے قبضے سے دستی بم‘ کلاشنکوف اور نائن ایم ایم پستول برآمد کرلیا۔ ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اور وہ اہلسنت والجماعت کے 16 کارکنوں اور پیپلزپارٹی کے 9 کارکنوں سمیت دیگر افراد کے قتل میں ملوث ہے۔ اسکے علاوہ گلستان جوہر پولیس نے ایک پولیس اہلکار سمیت 8 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم ندیم بہاری کو گرفتار کرلیا جبکہ رینجرز نے گلشن اقبال‘ پہلوان گوٹھ اور صفورا چورنگی کے علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے 9 مشتبہ افراد کو اور سہراب گوٹھ اور اورنگی ٹاﺅن میں سرچ آپریشن کرکے 4 مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا۔