امریکہ کی پاپ گلوکارہ اپنی پہچان بطور پاکستانی کروانے کیلئے کوشاں، قومی نغمہ بھی گایا
لندن (بی بی سی ڈاٹ کام) امریکہ کی پاپ گلوکارہ ہیدر شمڈ اپنی پہچان بطور پاکستانی کروانے کے لئے کوشاں ہیں۔ پاکستان سے اپنی محبت کے اظہار کے لئے انہوں نے ایک قومی نغمہ گایا ہے اور اس کے علاوہ ان پر چھ قسطوں پر مشتمل ڈرامہ سیریل بھی بنائی جا رہی ہے۔ ہیدر شمڈ گلوکاری کے علاوہ ماڈلنگ اور گیت نگاری بھی کرتی رہی ہیں۔ ان کے شوہر ڈاکٹر سید رافع مہدی پاکستانی نژاد امریکی شہری ہیں۔ ہیدر شمڈ نے اپنے فیس بک پیج پر تحریر کیا ہے کہ پاکستانی اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں، انہیں کھانا، کھیل اور موسیقی پسند ہے، مہمان نواز ہیں۔ یہ لوگ کھلا دل اور دماغ رکھتے ہیں۔ پاکستان میں ان دنوں ہیدر شمڈ ایک ویڈیو البم بنانے میں مصروف ہیں اور اس کے گیتوں کے بول انور مقصود نے لکھے ہیں جبکہ موسیقی ارشد محمود نے تربیت دی ہے۔