طالبان حملوں کاخوف، ڈرائیور امریکی گاڑیاں طورخم بازار میں چھوڑ کر فرار
طورخم (نوائے وقت نیوز) افغانستان سے چار امریکی فوجی گاڑیاں پاکستان لانے والے ڈرائیوروں نے طالبان حملوں کے خوف سے گاڑیاں طورخم بازار میں چھوڑ دیں اور فرار ہوگئے۔کسٹم حکام کے مطابق افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کا سلسلہ جاری ہے۔ بگرام ایئر بیس سے چار امریکی فوجی گاڑیاں گزشتہ روز طورخم بارڈر کے راستے پاکستان میں داخل ہوئیں۔ امریکی گاڑیاں لانے والے ڈرائیوروں نے طالبان حملوں کے خوف سے چاروں گاڑیاں طورخم بازار میں ہی چھوڑدیں اور فرار ہوگئے۔ ادھر طورخم کسٹم حکام نے امریکی فوجی گاڑیوں کو کسٹم کلیرنس دینے والی نجی کسٹم ایجنسی کے دو اہلکاروں سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور چاروں امریکی فوجی گاڑیوں کوتحویل میں لے لیا ہے۔