شیخوپورہ ٹرین حادثہ کا ذمہ دار رکشہ ڈرائیور ‘ اس کے پاس لائسنس بھی نہیں تھا: تحقیقاتی رپورٹ
لاہور (نوائے وقت نیوز) شیخوپورہ ٹرین اور رکشہ حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی گئی۔ پانچ رکنی کمیٹی نے حادثے کا ذمہ دار رکشہ ڈرائیور کو قرار دے دیا۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق رکشہ نہ تو رجسٹرڈ تھا اور نہ ہی ڈرائیور کے پاس لائسنس تھا۔ 6 افراد کی گنجائش والے رکشے میں 16 افراد کو سوار کیا گیا۔ تحقیقاتی کمیٹی نے سفارشات پیش کیں کہ پیٹر انجن رکشوں کی رجسٹریشن لازمی بنائی جائے اور پیٹر انجن رکشے کا باڈی ڈیزائن بھی حکومت کا منظور شدہ ہونا چاہئے۔شیخوپورہ میں ٹرین اور رکشہ حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ وزارت ریلوے کو بھیج دی گئی۔ حادثہ رکشہ ڈرائیور کی غفلت اور جلد بازی کے باعث پیش آیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رکشہ کو روکنے کیلئے اشارہ دیا گیا لیکن تیزرفتاری کے باعث رکشہ نہیں رک سکا۔ بروقت رکشے کے بریک نہ لگنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ ٹرین کی زد میں آنے والے رکشے میں چودہ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔