اسامہ کے ویزا والے گیلانی کے بیان نے فوج کو ناقابل تصور حد تک غصہ دلایا‘ اپنے ہی عوام پر ڈرون حملوں کیلئے مشرف نے امریکیوں کے سامنے جھک کر شمسی ائر بیس دیدیا: شجاع پاشا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ احمد شجاع پاشا کے ایبٹ آباد کمشن کے سامنے بیان کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے پرویز مشرف، خفیہ ایجنسیوں اور میڈیا سمیت سب پر تنقید کی۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ احمد شجاع پاشا ایبٹ آباد کمشن کے روبرو پیش ہوئے تو انہوں نے سب کے خلاف بلاامتیاز تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے اسامہ بن لادن کے حوالے سے بیان نے فوج کو ناقابل تصور حد تک غصہ دلا دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع سمیت نہ ہی کوئی دفاعی پالیسیوں کا مطالعہ کرتا ہے نہ ہی مطالعے کا کلچر سیاسی قیادت میں ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ حقانی نیٹ ورک آئی ایس آئی اور سی آئی اے کی تخلیق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف امریکیوں کے مطالبات کے سامنے فوری اور مکمل طور پر اتنا جھک گئے کہ انہوں نے اپنے ہی عوام پر ڈرون حملوں کیلئے امریکہ کو شمسی ائربیس دیدیا۔ ایبٹ آباد کا سانحہ صلاحیتوں کی کمی، کم علمی اور غلط رویئے کا نتیجہ ہے۔ احمد شجاع پاشا نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے آئی ایس آئی کو بدنام کرنے کی مہم چلانے کیلئے صحافیوں کو بھاری رشوتیں دی گئیں۔ انہوں نے آئی ایس آئی کی جانب سے بغیر کسی قانونی اجازت کے لوگوں کو گرفتار کرنے کا اعتراف کیا۔ انہوں نے خفیہ ایجنسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تمام خفیہ ایجنسیوں کو ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرانا چاہئے۔ کسی بھی ایجنسی نے نائن الیون کے بعد اپنے کام کو مربوط نہیں کیا۔ گیلانی نے کہا تھا کہ اسامہ بن لادن کو ویزا کس نے دیا تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق احمد شجاع پاشا نے کہا تھا کہ آئی ایس آئی جانتی ہے کہ غیرملکی عسکریت پسند کراچی کے نوگو ایریاز میں رہتے ہیں۔ جنرل پاشا نے کہا امریکہ کی جانب سے آئی ایس آئی کو بدنام کرنے کی مہم چلانے کیلئے صحافیوں کو بھاری رشوتیں دی گئیں جس میں مال، عورتیں اور شراب بھی شامل ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ان کی ایجنسی نے بغیر کسی قانونی اجازت کے لوگوں کو گرفتار کیا لیکن اس بدعملی کو پولیس کے سر ڈال کر جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا پولیس کی جانب سے انہیں فراہم کردہ معلومات افشا کئے جانے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ آئی ایس آئی کو علم ہے کہ بیرونی عسکریت پسند کراچی کے نوگو ایریاز میں رہتے ہیں۔ ایسی ہی صورتحال پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی ہو رہی ہے۔
اسلام آباد (آئی این پی+ اے پی اے+ ثناءنیوز+ آن لائن+) انٹیلی جنس بیورو کے سربراہ آفتاب سلطان نے ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ لیک ہونے کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہے۔ اس ضمن میں وہ جلد کمشن کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال سے ملاقات کرینگے جس کے بعد کمشن کے ارکان سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ ان ملاقاتوں کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس پہلو پر تحقیقات کی جا رہی ہے کہ انتہائی خفیہ رپورٹ کیسے افشا ہوئی۔