لوڈشیڈنگ میں خاطر خواہ کمی نہ ہونے پر شرمسار ہوں‘ قوم سے معافی مانگتا ہوں: خواجہ آصف
اسلام آباد (ثناءنیوز) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی ضرور ہوئی ہے ۔ مگر خاطر خواہ نہیں ہوئی جس پر میں شرمندہ ہوں اور عوام سے معافی مانگتا ہوں،کوشش ہے کہ لوڈشیڈنگ پر مکمل قابو پا کر شرمندگی سے بچا جائے ۔ تاہم اس کے لئے تین سال کا عرصہ درکار ہے ۔ ماہ رمضان میں سحری افطاری اور تراویح کے وقت روزانہ پانچ گھنٹے لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر خودکش حملے ہوتے رہے تو پاکستان کی ساکھ بحال کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو جائیں گی اور ملک میں سرمایہ کاری بھی نہیں آئے گی سرمایہ کاری نہ ہونے سے بحرانوں پر قابو نہیں پایا جا سکے گا وفاقی وزیر نے کہاکہ کوئی بھی صوبوں خودکش حملوں سے محفوظ نہیں ہے پاکستان دشمن عناصر یہ پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان ایک ایسی جگہ ہے جہاں سرمایہ کاری کی گنجائش نہیں ہے ۔ بحرانوں پر قابو پانے کے لئے حکومت کے ساتھ عوام کو بھی کوششیں کرنی چاہئیں انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں 3 گھنٹے شام اور دو گھنٹے صبح لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی ڈیڑھ گھنٹہ افطار اور ڈیڑھ گھنٹہ تراویح کے لئے ہے ان 5 گھنٹوں میں لوڈشیڈنگ بالکل نہیں کی جائے گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بجلی چوروں کو پکڑنے کا کام شروع ہو گیا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی طریقہ نہیں ہے کہ ہر سال یا چھ ماہ میں بجلی کی کمی کو پوری کر سکیں اس کے لئے کم از کم تین سال کا عرصہ درکار ہے۔