• news

وزیراعظم ہاﺅس آفس میں 25 ملازمین فارغ، گریڈ 17 کے افسروں کی تعداد کم کرکے 37کردی

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وزیراعظم کی اخراجات کم کرنے کی ہدایت کا نشانہ چھوٹے ملازمین بن گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاﺅس اور آفس میں چھوٹے گریڈ کے کنٹریکٹ پر تعینات 25 ملازمین کو فارغ کر دیا گیا ہے۔ فارغ کئے جانے والوں میں گریڈ 7 سے 13 کے ملازمین شامل ہیں۔ ڈیپوٹیشن پر تعینات 32 ملازمین کو ان کے محکموں میں واپس بھیج دیا گیا جبکہ دوسری طرف وزیراعظم ہاﺅس اور آفس میں کنٹریکٹ پر تعینات اعلی افسر عہدوں پر برقرار ہیں۔ ایوان صدر میں بھی متعدد افسر کنٹریکٹ پر بدستور براجمان ہیں۔ ان افسروں میں زاہد عثمان، محمد اقبال، عبدالقدیر ہاشمی اور عبدالقدوس، اسلم آزاد اور امجد اخلاق کنٹریکٹ پر کافی عرصہ سے کام کر رہے ہیں۔ 3 افسر گزشتہ 10 سال سے ایوان صدر میں تعینات ہیں۔ افسروں میں ڈائریکٹر جنرل تیمور تجمل، ڈائریکٹر جنرل معظم علی اور ڈائریکٹر اسد نعیم شامل ہیں۔ دریں اثناءوزیراعظم آفس میں گریڈ 17 کے افسروں کی تعداد 173 سے کم کرکے 37 کر دی گئی ہے ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹریوں کی 6 اسامیاں کم کرکے ایک کردی گئی ہے جبکہ سپیشل سیکرٹری کی اسامی ختم کردی گئی ہے۔ ڈپٹی سیکرٹریز کی تعداد 27 سے کم کرکے 13کردی گئی ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر مخدوم امین فہیم نے وزیراعظم کے آفس سے چھوٹے گریڈ کے گورنمنٹ ملازمین کو ملازمت سے فارغ کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے حکومت سے ان ملازمین کی فوری بحالی اورگورنمنٹ ملازمین کے ساتھ ظالمانہ رویہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں مخدوم امین فہیم نے کہا کہ نواز حکومت کی گورننس کا یہ خاصا ہے کہ جب بھی وہ اقتدار میں آتے ہیں ملازمین کو برطرف کرتے ہیں۔ اس وقت جبکہ گزشتہ دو ماہ میں مہنگائی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہے کم تنخواہ دار گورنمنٹ ملازمین کو برطرف کرنا انتہائی ظالمانہ اقدام ہے۔ نوازشریف نے سابق دور میں مختلف حکومتی محکموں سے ہزاروں ملازمین کو برطرف کر دیا تھا اور پیپلزپارٹی کی گزشتہ حکومت نے ان ملازمین کو بحال کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن