بعض ٹرینوں کے کرایوں میں 33 فیصد تک کمی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بعض ٹرینوں کے کرایوں میں 33 فیصد تک کمی کا اعلان کر دیا۔ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ صارفین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا چیلنج ہے، جعفر ایکسپریس کے کرائے میں 33 فیصد کمی کی گئی اور یہ کمی فی الحال تین ماہ کے لئے ہو گی۔ اسلام آباد ایکسپریس کے کرائے میں 17 سے 30 فیصد تک کمی کی گئی۔ ریل کار کے کرایوں میں فی الحال 15 دن کے لئے کمی ہو گی۔ انہوں نے کہا کچھ ریلوے روٹس ریونیو پیدا کرنے کے لئے بڑے مفید ہیں منافع بڑھانے کی غرض سے کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ریل کار کے تمام کرایوں میں دس فیصد کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا منافع بڑھانے کی غرض سے کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منافع کا ایک حصہ کرایوں میں کمی کے ذریعے مسافروں کو منتقل کیا جائے گا۔ اس مہم ک ے تحت جعفر ایکسپریس کے کرایوں میں کمی کا مقصد ہے کہ 410 روپے، 310 روپے اور 160 روپے بالتریتب بزنس، سٹینڈرڈ اور اکانومی کلاسوں کے کرایوں میں قابل ذکر بچت ہو گی۔ اسلام آباد ایکسپریس کے کرایوں میں کمی تقریباً 17 تا 30 فیصد تک ہو گی جس کا مقصد ہے کہ 150 روپے، 120 روپے اور 130 روپے بالترتیب اے سی پارلر، سٹینڈرڈ اور اکانومی کلاس کے کرایوں میں بچت ہو گی۔ اس سے اکانومی کلاس مسافروں کو زیادہ سے زیادہ 30 فیصد تک ریلیف مہیا ہو گا۔ ریل کار کے نئے ریٹس کے مطابق تمام کرایوں میں تقریباً دس فیصد کمی ہو گی جس کا مقصد ہے کہ 80 روپے، 60 روپے اور 30 روپے بالترتیب اے سی پارلر، سٹینڈرڈ کے کرایوں میں کمی ہو گی۔