• news

پنجاب میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی

توانائی کا بحران حل کرنا اولین ترجیح ہے۔ بین الاقوامی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرینگے۔ شہباز شریف۔ جمہوریت کے فروغ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں برطانیہ کی مدد و حمایت کی قدر کرتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی اپنا کر پولیس کی استعداد میں اضافہ کرینگے۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ کے گذشتہ دور حکومت میں بھی توانائی کے بحران پر قابو پانے کا ایشو سرفہرست تھا اور الیکشن مہم میں بھی انہوں نے انرجی بحران کے خاتمے کے وعدے کئے تھے اب بھی وہ اپنے پروگرام میں توانائی کا بحران ختم کرنے کیلئے سرگرم ہیں اور بیرونی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری پر آمادہ کر رہے ہیں اس کے کچھ نہ کچھ نتائج تو بہرحال سامنے آئینگے۔ اس وقت بھی نندی پور اور چیچو کی ملیاں میں پاور پلانٹس پر کام شروع ہو رہا ہے اور صنعتی اداروں کو بھی بجلی پیدا کرنے کی طرف راغب کیا جا رہا ہے۔ برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی کی زیر قیادت وفد سے ملاقات میں انہوں نے صوبہ پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور انہیں ہرممکن سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ برطانیہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں قائم 15 ہزار سکولوں میں بنیادی اور تعلیمی سہولتیں فراہم کریگا اور صحت کے شعبہ میں بھی تعاون کو مزید فروغ دیگا۔ اسکے ساتھ ہی وزیراعلیٰ پنجاب اگر صوبے میں پانی، بجلی اور گیس کی چوری کا سدباب بھی کریں اور اس میں ملوث سرکاری عملے اور کاشتکاروں و صنعتکاروں اور نجی صارفین کو کڑی سزائیں دیں تو بھی صوبہ میں انرجی بحران کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے جبکہ غیر ملکی امداد کو بھی شیر مادر سمجھ کر ہضم کرنے کی بجائے صحیح معنوں میں اسکا درست استعمال کر کے اس صوبے کو ملک کا مثالی صوبہ بنایا جا سکتا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن