• news

دنیا بھر میں تمباکو نوشی کے باعث سالانہ 6 ملین افراد ہلاک ہو جاتے ہیں

 جنےوا (ثناءنیوز) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ سگریٹ نوشی سے جڑے اسباب کی وجہ سے دنیا بھر میں سالانہ قریباً چھ ملین افراد ہلاک ہوتے ہیں۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ایک بریفنگ کے دوران بتایا گیا ہے تمباکو نوشی کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں میں سے بیشتر کا تعلق کم یا درمیانے درجے کی آمدنی والے گھرانوں سے ہوتا ہے۔ عالمی صحت کے اس ادارے کے مطابق اگر سگریٹ نوشی کا موجودہ رجحان برقرار رہے تو بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر اس عمل کے ذریعے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2030 ءتک آٹھ ملین سالانہ تک پہنچ سکتی ہے۔ آرگنائزیشن کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان افراد میں سے اسی فیصد کا تعلق کم یا درمیانے درجے کی آمدنی والے گھرانوں سے ہو سکتا ہے۔اس بارے میں بات کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مارگریٹ چین کا کہنا تھا، اگر ہم نے مناسب اقدامات نہیں اٹھائے اور سگریٹ نوشی سے تعلق رکھنے والے اشتہارات اور اسپانسرشپ نہیں روکے تو مزید نوجوان اس جانب راغب ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے عوام کو سگریٹ نوشی سے جڑی بیماریوں، معذوری اور موت سے بچائے۔

ای پیپر-دی نیشن