امریکی وفد کی ملاقات: سیکرٹری دفاع کا افغانستان میں 2014ءکے بعد کی صورتحال پر اظہار تشویش
راولپنڈی(اے پی اے )سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک سے امریکہ کے مشرق قریب جنوبی ایشیا مرکز برائے سٹریٹجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر جیمز لاروکو نے ملاقات کی، سیکرٹری دفاع نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں سرگرمی سے کردار ادا کیا ہے اس کے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام نے اس حوالے سے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے افغانستان سے2014ءمیں امریکی انخلاءکے بعد کی صورتحال کے بارے میں اپنی تشویش سے آگاہ کیا،دونوں جانب نے ملاقات کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل مدتی بنیادوں پر تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ جیمز لاروکو نے کہا کہ پاکستان خطے میں اہم شراکت دار ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان آئندہ تعلقات مضبوط اقتصادی رشتوں پر مبنی ہونے چاہئیں ، جس سے سیکیورٹی کے شعبے میں موجودہ تعلقات مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔