• news

چین کیساتھ سول نیوکلیئر اور قومی سلامتی کے شعبے میں تعاون جاری رہے گا ‘ افغان امن عمل میں تمام فریقین کو شامل کیا جائے: پاکستان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + اے پی پی) پاکستان نے کہا ہے کہ مفاہمت افغانستان میں امن و استحکام لانے کا واحد راستہ ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چودھری نے ہفتہ وار پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے قطر میں طالبان کے دفتر کی مبینہ بندش کے متعلق مختلف سوالات پر کہا کہ مفاہمت کے عمل میں کئی چیلنج درپیش ہیں پاکستان نے ہمیشہ افغان مسئلے کے حل میں ضبط و تحمل اور صبر سے کام لینے پر زور دیا ہے۔ مفاہمت کے عمل کے مثبت نتائج کے لئے تمام فریقوں کو شریک کیا جائے۔ افغان حکام کی جانب سے حال ہی میں پاکستان کے خلاف الزامات کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان ماحول میں تلخی نہیں بڑھانا چاہتا بلکہ افغانستان کے ساتھ پر امن تعلقات کا خواہشمند ہے۔ ہم ایک متحد پر امن اور خوشحال افغانستان چاہتے ہیں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہماری نیک نیتی کا اسی جذبے سے جواب دیا جائے گا۔ پاکستان چین جوہری تعاون کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ جاری عمل ہے دونوں ممالک ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے تحفظات کے تحت ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں۔ بھارت کے ساتھ تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کے لئے واضح اشارہ دیا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان مشاورت کا عمل آگے بڑھ رہا ہے۔ گذشتہ دنوں برونائی میں سرتاج عزیز اور بھارتی اہم نمائندے میں بات چیت ہوئی۔ حکومت نے بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کے لئے واضح اقدامات کئے ہیں جامع مذاکراتی عمل کی بحالی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ بھی وہاں پر ہوئے تو ہم قیادت کی سطح پر ملاقات کی کوشش کریں گے۔ بھارتی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ دونوں ملک یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔ ہم نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ سزا مکمل کرنے والے قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ مصر کی صورتحال کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مصر کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان کو مصر میں پیش آنے والے حالیہ واقعات میں دکھ ہے۔ انہوں نے جمہوری اقدار کے احترام پر زور دیا۔ ترجمان نے امید ظاہر کی کہ مصر کی حکومت اور عوام جمہوری انداز میں صورتحال پر قابو پا لیں گے۔ مصر میں پاکستانی سفارتخانہ وہاں مقیم پاکستانیوں سے قریبی رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قومی مفاہمت اور امن کے عمل کی کامیابی کیلئے تمام فریقوں کو اس عمل میں شریک کیا جائے۔ افغان مسئلہ کے حل کیلئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے ایک دوسرے کا موقف سمجھنے کی ضرورت ہے۔ بعض افغان قائدین کے معاندانہ بیانات کے باوجود پاکستان برادر ملک میں پائیدار امن کے قیام کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ ہم افغانستان کو پرامن اور خوشحال ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں توقع ہے کہ افغانستان، ہمارے اس جذبہ کا مثبت جواب دے گا۔ افغان حکام پاکستان کے خلاف مسلسل الزامات قابل افسوس ہیں۔ مصر ہمارا برادر ملک ہے وہاں صورتحال پاکستان کیلئے تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے جمہوری اقدار کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مصر کی صورتحال پر جمہوری انداز میں قابو پا لیا جائے گا۔ پاکستان اور چین کے درمیان جوہری تعاون جاری عمل ہے یہ تعاون عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے تحت ہے۔ دونوں ممالک سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ دونوں ممالک میں سلامتی کے شعبے میں قریبی تعاون ہے، چین نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے میں تعاون کی خواہش بھی ظاہر کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ پبلک ہونے پر امریکہ سے کوئی رابطہ نہیں کیا، باہمی تشویش کے بہت سے معاملات پر امریکہ سے رابطے میں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن