کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، لیاری پھر میدان جنگ بن گیا، 5 جاں بحق، ایس پی زخمی
کراچی+ اسلام آباد (کرائم رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت نیوز) شہر قائد میں جمعہ کو فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مزید 5افراد جاں بحق اور ایس پی سمیت متعدد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے آگرہ تاج میں دعا ہوٹل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25سالہ محمد زبیر ہلاک ہوگیا جبکہ اسی علاقے میں فائرنگ سے کریم کچھی اور 40سالہ غلام حسین ہلاک ہوگئے جبکہ 60سالہ محمد عثمان کچھی کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب ڈیفنس ویو فیز 2 میں مکان سے ایک لاش ملی ہے جسے ممکنہ طور پر ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران ڈاکوﺅں نے تیز دھار آلے سے قتل کیا۔ ادھر پرانا حاجی کیمپ کے قریب سے بھی ایک شخص کی بوری بند لاش آمد ہوئی ہے۔ شاہ فیصل کالونی تھانے کی حدود چھوٹا گیٹ کے قریب دو گروہوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 40سالہ ناصر محمد تنولی زخمی ہوگیا۔ علاوہ ازیں ایس پی کرائم برانچ ملک مقصود لائنز ایریا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملک مقصود شاہراہ فیصل تھانے کے کوارٹرز میں واقع اپنے گھر سے سرکاری گاڑی میں صدر کی طرف جارہے تھے کہ لائنز ایریا کے علاقے جیکب لائن میں موٹر سائیکل اور گاڑی میں سوار ملزمان نے انہیں نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایس پی کرائم برانچ ملک مقصود نے پولیس افسروں کی خلاف ضابطہ ترقیوں کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے۔ انصاف کا مطالبہ ملک مقصود کو پہلے بھی مہنگا پڑا تھا۔ گزشتہ سال چار ستمبر کو درخواست کی سماعت کے موقع پر خلاف ضابطہ ترقیاں پانے والے پولیس افسروں اور ان کے حامیوں نے ملک مقصود کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ ادھر ملیر میں رینجرز آپریشن کیخلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے پر ملیر کورٹ کے سامنے دھرنا دیکر روڈ بلاک کر دیا جس کی وکہ سے ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی۔ پولیس نے مظاہرین کو بے گناہ گرفتار شدگان کی رہائی کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا جبکہ لیاری سے نقل مکانی کرنیوالوں کو ٹھٹھہ، بدین اور دیگر علاقوں سے واپس لانے کیلئے کراچی انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ ڈپٹی کمشنر اور آئی جی سندھ نے کچھی برادری کے عمائدین سے رابطہ کر لیا اور انہیں ان کے گھروں میں واپسی پر آمادہ کرنے کیلئے مکمل سکیورٹی اور ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں سی آئی ڈی پولیس نے جیکسن کے علاقے میں کارروائی کرکے اے این پی کے قومی اسمبلی کے امیدوار صادق خٹک کے قتل میں ملوث کالعدم تحریک طالبان کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ ملزموں نے 2 خواتین سمیت 6 دیگر افراد کو بھی قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزموں میں کوچی خان، محمد امین بھٹی، اظہر اور فیصل شامل ہیں جن سے 4 بندوقیں، 6 نائن ایم ایم پستول اور 4 دستی بم سمیت سیکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔