طا لب علموں کے درمیان کرکٹ فٹ بال اور والی بال کے مقابلے
سعودی عرب کے شہر طائف میں ادارہ اسلامی جالیات کی جانب سے پاکستان انٹر نیشنل سکول طائف اور انڈین انٹرنیشنل سکول طائف طلبہ کے درمیان کرکٹ‘ فٹ بال‘ والی بال اور دوسرے میچ کرائے گئے۔ ان تمام میچز میں پاکستانی سکول کے جوشیلے طلبہ کھلاڑیوں نے انڈین سکول کے طلبہ کھلاڑیوں کو بُری طرح شکست دی۔ جس سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس خوشی کے موقع پر پاکستانی انٹر نیشنل سکول طائف میں رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت سکول کے پرنسپل قیصر خان نے کی جبکہ مہمان خصوصی ادارہ تعلیم طائف کے ڈائریکٹر احمد سعید تھے۔تقریب میں بچوں نے پاکستانی اور سعودی عرب کا قومی ترانہ پیش کیا۔ پاکستانی ملی نغموں پر بہت خوبصورت انداز میں ٹیبلو پیش کئے۔ ٹیبلو میں ننھے بچے سندھی‘ پنجابی بلوچی‘ پشتوں اور مختلف پاکستانی لباس میں بہت ہی خوبصورت لگ رہے تھے۔ حال میں بیٹھے سامعین سے بچوں کو بھرپور داد ملی۔ کھیل اور تعلیمی میدان میں اچھی کارکردگی حاصل کرنے والے ہونہار طالب علموں میں سرٹیفکیٹ اور انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ ڈائریکٹر تعلیم احمد سعید الغامدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ پاکستان اور سعودی عرب کی مثالی دوستی ہے۔ ہمارے پاکستانی بھائی بڑے محنت کش اور باہمت ہیں جس کی مثال ہم ان کھیلوں کے میدان اورتعلیمی میدان میں دیکھ چکے ہیں۔ یہی چیز ان ننھے پاکستانی بچوں میں دیکھنے میں آتی ہے۔ جس سے ہمیں بڑی خوشی پہنچتی ہے۔ سکول کے پرنسپل قیصر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے۔ سعودی عرب کے لئے تمام پاکستانیوں کے دلوں میں بے پناہ قدر ہے۔ ہر معاملات اور مشکل گھڑی میں سعودی عوام اور سعودی حکومت نے ہمارے ساتھ ہمیشہ بھرپور تعاون کیا ہے۔ جس کے لئے ہم تہہ دل سے مشکور رہیں گے۔ تقریب کے آخر میں سکول کی اچھی کارکردگی پر پرنسپل قیصر خان کو مہمان خصوصی احمد سعید الغامدی نے ادارہ اسلامی جالیات کی جانب سے شیلڈ پیش کی۔ اچھا رزلٹ دینے پر سکول کے اساتذہ کو بھی سرٹیفکیٹ اور انعامات سے نوازا گیا۔ جبکہ پاکستانی سکول کی جانب سے احمد سعید الغامدی کو قیصر خان نے شیلڈ پیش کی۔ انعامات حاصل کرنے والے اساتذہ کرام میں حیات اللہ‘ قاری عبدالزاپھر‘ صغیراحمد ‘ قاری عبدالرحیم‘ قاری نورالھادی‘ فیاض احمد چانڈیو‘ امجد بھٹی‘ آفتاب عالم اور عنایت اللہ جان‘ عرفان مرزا‘ اکرام خالد محمود‘ سرفراز ندیم‘ محمد علی رضوان‘ محمد عمران اورفقیر احمد وغیرہ شامل تھے۔ اسی طرح تلاوت قرآن پاک کی سعادت تقریب کے آغاز میں قاری نور الھدیٰ نے حاصل کی۔ ہدیہ نعت رسول مقبول استاد نصیر احمد نے پیش کیا۔جبکہ سٹیج سیکرٹری کے خدمات بڑے احسن طریقے سے سرفراز ندیم نے انجام دئیے۔ انعامات حاصل کرنے والے طالب علموں میں محمد اعجاز‘عمر یحییٰ طحہٰ زاہد‘ ارسلان غلام عباس،عبدالرحمٰن نصراللہ‘ حافظ طلحہٰ فاروق‘سعود ہاشم‘ محمد حبیب‘ فرحان ارشد‘ محمد سمیع یاسر‘ امین نور شہباز خان ‘ امین حمید‘ محمد شیر‘ فریضہ عباس وغیرہ شامل تھے۔ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کے لئے اچھی خدمات پیش کرنے پر مقامی صحافی‘ اوورسیز جنرنلسٹ فورم کے بعد ممتاز احمد بڈانی اور سرفراز احمد کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔