کراچی، کچہری سے 4خطرناک ملزم باآسانی فرار، پولیس دیکھتی رہ گئی
کراچی (آئی این پی) سٹی کورٹ کی 2 مختلف عدالتوں سے 4 ملزمان پولیس کی غفلت و لاپرواہی کے باعث پیشی کے موقع پر فرار ہوگئے۔ 2 ملزمان کراچی میں مختلف بم دھماکوں اور دہشت گردی و 2 ملزمان جعلسازی، فراڈ کے مقدمات میں پیش ہونے کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس تماشا دیکھتی رہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ غربی افضل روشن کی عدالت میں سی آئی ڈی پولیس نے پیرآباد، قصبہ کالونی، عزیز آباد، بم دھماکوں ، قتل، اقدام قتل کے 2 ملزموں غلام اسحاق عرف موسیٰ اور نقراب کو شناختی پریڈ کے لئے پیش کیا عدالت میں ملزموں کو استغاثہ کے ایک گواہ رحیم نے شناخت کیا۔ ملزموں کو انتہائی سخت حفاظتی انتظام میں عدالت لایا گیا تھا لیکن عدالت میں پیشی کے بعد انہیں پولیس نے ہتھکڑی نہیں لگائی اور بکتر بند گاڑی میں بٹھاکر اہلکار احاطہ عدالت میں مٹرگشت کرتے رہے، اس دوران دونوں ملزم بکتر بند گاڑی سے فرار ہو گئے۔ دوسری طرف جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی آصف احمد کی عدالت میں ضمانت منسوخی کے بعد ملزم باپ بیٹے فرحان اور رحمت فرار ہوگئے۔ پولیس دیکھتی رہ گئی اور ملزمان فرار ہوگئے جبکہ 3 روز قبل بھی 3 ملزمان انسداد دہشت گردی کی عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ فرائض میں غفلت برتنے پر دو سی آئی ڈی انسپکٹروں حمید اللہ نیازی، اسلام گل کانسٹیبلوں عبدالحکیم، سہیل، اعجاز اور مظہر کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔