• news

ایفی ڈرین کیس: خوشنود لاشاری کی جائیداد ضبط کرنیکا حکم‘ عبدالقادر‘ علی موسیٰ‘ فوزیہ گیلانی کے اثاثوں کی تفصیلات عدالت میں جمع

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) انسداد منشیات کی عدالت نے ایفی ڈرین کیس میں ملوث سابق سیکریٹری ہیلتھ خوشنود اخترلاشاری اور دیگر افراد کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔ہفتہ کو انسداد منشیات راولپنڈی کی عدالت کے جج ارشد تبسم نے ایفی ڈرین کیس کی سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے ایفی ڈرین کیس میں ملوث سابق سیکریٹری ہیلتھ خوشنود اختر لاشاری، فنانس کمپنی کے ڈائریکٹر کرنل (ر) طاہر ودﺅد لاحوتی اور فارماسوٹیکل کمپنی کے مالک افتخار احمد خان بابر اور رضوان احمد خان کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا، عدالت نے کہاکہ بار بار حکم کے باوجود ملزمان نے اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، عدالت نے خوشنود لاشاری کے لاہور اور اسلام آباد میں گھروں کو بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔ اس سے قبل سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی اہلیہ فوزیہ گیلانی، بیٹے علی موسی گیلانی اور عبدالقادر گیلانی نے اپنے اکاﺅنٹس کی تفصیلات عدالت میں جمع کرادیں، علی موسیٰ گیلانی کے وکیل چوہدری فیصل حسین نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کراتے ہوئے بتایا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی اہلیہ فوزیہ گیلانی کا اکاﺅنٹ 2008ءمیں آپریٹ ہوا جس میں 27ہزار روپے ہیں، مئی 2008ءکے بعد اکاﺅنٹ سے کوئی رقم نہیں نکالی گئی۔ ان کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کے تین اکانٹ منجمد کئے گئے ہیں جن میں سے2بینک اکاﺅنٹس میں صرف 56 روپے جبکہ تیسرے اکاﺅنٹ میں 10 لاکھ 53 ہزار 164 روپے جبکہ عبدالقادر گیلانی کے بینک اکاﺅنٹ میں 4لاکھ 44 ہزار 138 روپے ہیں۔ اس موقع پر مخدوم شہاب الدین نے اپنے کے بیٹے اوردونوں بیٹیوں کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرادیا جس میں کہا گیا کہ وہ پنجاب کے بڑے زمیندارہیں، ان کی 10 مربعے اراضی اور تمام اثاثہ جات جدی پشتی ہیں، انہیں کیس میں پھنسا کر ان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن