رضا ربانی کا حملہ ”بیک فائر“ کر گیا
لاہور (خبر نگار) ماضی کی ”بلیم گیم“ نہ صرف جاری ہے بلکہ سنجیدہ سیاستدان بھی اب اسی کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما رضا ربانی کا شمار پیپلز پارٹی کے سنجیدہ اور باخبر سیاستدانوں میں ہوتا ہے مگر گذشتہ روز ان کا کیا حملہ ”بیک فائر“ کر گیا۔ رضا ربانی نے کراچی میں پریس کانفرنس میں حکومت پر الزام عائد کیا کہ 18 ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور ساتھ ہی کہہ دیا کہ وزیراعظم کو حلف اٹھائے ایک ماہ سے زائد ہو چکا ہے مگر مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نہیں کی گئی۔ مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نہ کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ جواب آں غزل کے طور پر فوری طور پر وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ رضا ربانی کو علم نہیں ہے، مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل 27 جون کو ہوگئی تھی۔