کورونو وائرس ‘سعودی عرب کا بزرگوں بیماروں، حاملہ خواتین کو حج پر نہ آنے کا مشورہ
جدہ (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) سعودی عرب میں کورونو وائرس سے تحفظ سعودی حکام نے کورونو وائرس سے بچنے کیلئے دنیا بھرسے آئے ہوئے عازمینِ عمرہ و حج کوحرم شریف میں ماسک پہننے کی ہدایت کی ہے۔ سعودی عرب میں کورونو وائرس سے اب تک ایک بچے سمیت دو افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ کورونا وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہو سکتا ہے۔ اسی لئے سعودی وزارت صحت کی جانب سے دنیا بھر سے عمرہ اور حج کیلئے آنیوالے افراد کو خصوصی ہدایات کی گئی ہیں کہ حرم شریف میں طواف کے دوران ماسک کا استعمال کیا جائے۔ دریں اثناءسعودی عرب نے امسال بوڑھے اور مہلک بیماریوں میں مبتلا افراد کو حج ویزا جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مشورہ دیا ہے کہ دل کے امراض، گردوں کی بیماری، ذیابیطس اور سانس کے مریض بھی اس سال سعودی عرب آنے سے اجتناب کریں جبکہ حاملہ خواتین اور چھوٹے بچوں کیلئے بھی یہی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کے اعلان میں کہاگیا ہے کہ یہ اقدام سعودی عرب میں میرس وائرس پرقابو پانے کیلئے اٹھایا گیا ہے ۔ میرس کورنا وائرس ستمبر سے اب تک 38افراد کی موت کا سبب بن چکا ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان خالد المرغلانی نے کہا ہے کہ بیرون ممالک قائم سعودی مشنز کو اس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا پابند بنایا جائیگا۔