بیک چینل ڈپلومیسی کامیاب، پاکستان اور بھارت کا باہمی مذاکرات بحال کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان اور بھارت نے باہمی مذاکرات بحال کرنے پراتفاق کرلیا۔ یہ اتفاق رائے وزرائے خارجہ اور بیک چینل ڈپلومیسی کے ذریعے روابط سے ہوا۔ مذاکرات کے معطل راﺅنڈ سات ایجنڈہ آئٹمز میں سے پانچ پر پاکستان جبکہ دو ایجنڈہ آئٹمز پر بھارت میں مذاکرات ہونگے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاک اور بھارت نے بالآخر معطل شدہ مذاکرات بحال کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ دونوں ممالک نے مذاکراتی عمل کا روڈ میپ تیارکر لیا۔معطل شدہ راﺅنڈ کے باقی ماندہ سات ایجنڈہ آئٹمز پر سیکرٹریز اور ماہرین کے مذاکرات شروع ہونگے۔کشمیر، امن و سلامتی، پانی، سرکریک اور دوستانہ روابط کے فروغ پر مذاکرات اسلام آباد میں ہونگے،ذرائع کے مطابق سیاچن پر دونوں ممالک کے سیکرٹریز دفاع اور دہشت گردی کے خلاف تعاون پر سیکرٹریز داخلہ کے مذاکرات دہلی میں ہونگے۔ ذرائع کے مطابق حتمی تایخوں کا تعین باہمی مشاورت سے کیا جائیگا۔ مذاکراتی عمل کا جائزہ لینے کے لیے وزرائے خارجہ کے مذاکرات دہلی میں ہونگے۔ مذاکراتی عمل کے دوران وزرائے اعظم کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ ذرائع نے بتایاکہ ستمبر میں نواز شریف اور من موہن سنگھ کے درمیان ملاقات نیو یارک میں ہو گی۔ نومبر میں دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات دولت مشترکہ کے سربراہی اجلاس میں کولمبو میں ہو گی۔ ذرائع کے مطابق تیسری ملاقات سارک سربراہی اجلاس کے موقع پر نیپال میں ہو گی۔