وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کی کال دیدی
پشاور (آن لائن+ این این آئی+ آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کی کال دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پرویز خٹک نے کہا کہ صوبہ خیبر پی کے میں طویل لوڈشیڈنگ سے عوام کا برا حال ہے، بجلی کی طویل بندش اسلام آباد ریجنل کنٹرول سیکٹر سے کی جا رہی ہے جو صوبے کی عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر وفاق حکومت نے صوبہ خیبر پی کے کو کوٹہ کے مطابق بجلی نہ دی اور طویل لوڈشیڈنگ ختم نہ کی تو عوام کے ساتھ سڑکوں پر احتجاج کرینگے اور عوام کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرات پانی و بجلی صوبہ خیبرپی کے کو اپنی بجلی کا کوٹہ پورا فراہم کرے اور خیبرپی کے میں گرڈ اسٹیشنز کی کمی اور پرانے نظام کی درستگی کے فوری اور ضروری اقدامات اٹھائے بصورت دیگر میں بحیثیت وزیر اعلیٰ خود عوام کےساتھ احتجاج پر مجبور ہو جاﺅں گا۔ لوڈ شیڈنگ وفاقی حکومت کا مسئلہ ہے۔ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ سابقہ حکومتوں نے نہ تو کوئی منصوبہ بندی کی اور نہ ہی بجلی کے نئے منصوبوں پر کام کیا۔ صوبائی حکومت نے ایک ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر دستخط کر دئیے ہیں اور مزید سرمایہ کاری بھی اس مد میں کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ نہ میں خود کرپٹ ہوں اور نہ دوسروں کو کرپشن کرنے دوں گا۔ آن لائن کے مطابق ایک انٹرویو میں پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تھانے اور پٹوار خانے کرپشن کے گڑھ ہیں، پولیس اور پٹواریوں کو ضرورت مندوں کے ساتھ عوام دوست رویہ رکھنا ہو گا۔ انتہا پسندوں کے ساتھ جنگ کا کوئی فائدہ نہیں ، بدامنی کے خاتمے کےلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ۔ ترقیاتی کاموں میں کرپشن کا راستہ روکنے کےلئے بین الاقوامی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ تھانوں کے ساتھ ٹریفک پولیس کو کرپشن سے پاک کر دیا جائے گا۔ مرکز میں تحریک انصاف کی حکومت ہوتی تو گورنر ہاﺅس کو یونیورسٹی میں تبدیلی کر دیتے۔ پارٹی میں موجود سازشی عناصر میرے دو عہدوں کے پیچھے پڑے ہیں۔