• news

زرداری کا مشورہ ماننے سے انکار، ذوالفقار مرزا آج سکاٹ لینڈ یارڈ حکام سے ملیں گے

دبئی (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) برطانوی پولیس سکاٹ لینڈ یارڈ اور میٹرو پولیس کے رابطہ کرنے پر سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا لندن پہنچ گئے۔ وہ آج اتوار کو سکاٹ لینڈ یارڈ حکام سے ملاقات کرینگے۔ دریں اثناءصدر زرداری نے ذوالفقار مرزا کو سکاٹ لینڈ یارڈ سے ملاقات نہ کرنے کا مشورہ دیا تاہم انہوں نے ماننے سے انکار کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر داخلہ نے 2011ءمیں میٹرو پولیس کو کچھ شواہد اور دستاویزات دی تھیں، ان دستاویزات کے حوالے سے ملاقات کرنے کیلئے سکاٹ لینڈ یارڈ نے دبئی میں ذوالفقار مرزا سے رابطہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق خاندانی ذرائع کے مطابق ذوالفقار مرزا اور انکے اہل خانہ صدر زرداری کے اہل خانہ کے ہمراہ تعطیلات گزاریں گے۔ وہ دو ہفتے لندن میں قیام کریں گے۔ صدر نے فون کرکے انہیں سکاٹ لینڈ یارڈ سے ملاقات نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ علاوہ ازیں چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے صدر زرداری کے بیرونی ملک کے دورے پر ہونے کے باعث ان جگہ قائمقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں جس کے بعد صدر مملکت کی مکمل سکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کر دیا گیا۔ واضح رہے ذوالفقار مرزا نے پریس کانفرنس میں الطاف حسین پر سنگین الزامات عائد کئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن