• news

ورلڈ انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ : ماجد علی‘ عامر طارق کی مسلسل دوسری کامیابی

بیجنگ (اے پی پی) آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ کا تیسرا روز پاکستانی کھلاڑیوں کےلئے ملا جلا ثابت ہوا، محمد ماجد علی اور عامر طارق نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی جبکہ حمزہ اکبر اور محسن امین کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ چین میں جاری میگا ایونٹ میں ہفتے کے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں محمد ماجد علی نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف سویڈش کھلاڑی بیلان شریف کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 4-0 فریمز سے زیر کیا، فاتح کھلاڑی کی جیت کا سکور 82-10، 83-35، 82-19 اور 75-14 رہا۔ ایک اور میچ میں عامر طارق نے شاندار کھیل کی بدولت روایتی حریف بھارت کے راہول اجے کو ایک کے مقابلے میں چار فریمز سے زیر کیا۔ عامر کی جیت کا سکور 45-69، 66-33، 72-11، 63-52 اور 95-1 رہا۔ ایک اور میچ میں بھارت کے نتیش مدان نے پاکستان کے محسن امین کو ایک کے مقابلے میں چار فریمز سے ہرایا جبکہ حمزہ اکبر کو آسٹریلوی کیوئسٹ کیل بیرٹ کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ پاکستان کے چاروں کیوئسٹ محمد ماجد علی، حمزہ اکبر، عامر طارق اور محسن امین (آج) اتوار کو تیسرے گروپ میچوں میں قسمت آزمائی کریں گے۔ گروپ جی کے تیسرے میچ میں پاکستان کے محسن امین متحدہ عرب امارات کے بدر عبید کے مدمقابل ہوں گے۔ گروپ ایچ کے تیسرے گروپ میچ میں عامر طارق کا مقابلہ سنگاپور کے وائی کونگ سے ہو گا، گروپ ایم میں محمد ماجد علی ہانگ کانگ کے نانسن منوان کے آمنے سامنے ہوں گے جبکہ گروپ این میں حمزہ اکبر چین کے وانگ زیپنگ کے خلاف قسمت آزمائی کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن