مصر اور ترکی میں معزول صدر کے حق میں مظاہرے جاری ‘ جرمنی کا بھی مرسی کی رہائی کا مطالبہ
قاہرہ (بی بی سی‘ اے ایف پی) مصر میں سابق صدر مرسی کی حمایت میں مظاہرے جاری ہیں۔ اخوان المسلمین کے حامی گزشتہ ہفتے سے قاہرہ کے مشرقی حصے میں واقع ایک مسجد اور اس کے اطراف میں موجود ہیں جبکہ صدر مرسی کے مخالفین کا مرکز دارالحکومت کا تحریر سکوائر ہے۔ صدر مرسی کی معزولی کے بعد ہونے والے مظاہروں میں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جرمنی کے وزیرخارجہ نے مصری حکام سے کہا محمد مرسی کی نظربندی ختم کی جائے اور ہلال احمر جیسے کسی بین الاقوامی ادارے کو ان تک رسائی دی جائے۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی کسی ایک جماعت کو علیحدہ کرنے کے خلاف خبردار کیا تھا۔ ادھر عبوری وزیراعظم حازم البیبلاوی کابینہ کی تشکیل کے قریب پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزارتوں کے امیدواروں سے ہفتے اور اتوار کے روز مذاکرات کریں گے۔ دریں اثنا ترکی میں بھی مرسی کے حق میں مظاہرے ہوئے ہیں۔