(ق) لیگ نے مہنگائی کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کرا دی
لاہور (آن لائن) (ق) لیگ پنجاب کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل، عامر سلطان چیمہ اور سردار آصف نکئی نے پنجاب حکومت کی جانب سے اشیائے خورونوش کو زائد نرخوں پر بیچنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کرا دی۔ تحریک التوائے کار میں کہا گیا کہ مہنگائی میں اضافے کے ذمہ دار حکمران ناجائز منافع خوروں پر کیسے ہاتھ ڈال سکتے ہیں۔ پنجاب حکومت صرف لاہور تک محدود ہے، سحر اور افطار کے وقت لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے دعوے بھی جھوٹے ثابت ہوئے، رمضان بازاروں میں سستی اشیاءکی امید میں آنیوالے روزہ داروں کی تذلیل ہو رہی ہے۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا۔