• news

امریکہ کا پاکستان کی سول حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے کا بیان مضحکہ خیز ہے: حافظ حسین

اوکاڑہ (نامہ نگار) جمعیت علماءاسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے صدر مملکت کی جانب سے تحفے میں بھجوائے جانیوالے آموں کی ”مٹھاس“ سے لگائی جانیوالی ”آس“ کبھی پوری ہونے والی نہیں۔ میاں برادران نے اگر اب بھی ماضی سے سبق نہ سیکھا تو پھر کبھی بھی نہیں سیکھ پائیں گے۔ چین سے دوستی مضبوط کرنے کی سمجھ تو آتی ہے لیکن بھارت کو پسندیدگی کے بلند گراف تک لے جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ امریکہ کی جانب سے پاکستان کی نئی سول حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے کا بیان مضحکہ خیز ہے۔ میاں برادران کا الیکشن سے پہلے والا جوش ولولہ دکھائی نہیں دے رہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سنٹر کے سینئر صحافیوں کے وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ حسین اخمد نے کہا خادم اعلیٰ پنجاب کی طرف سے لگائے جانے والے سستے ”رمضان بازاروں“ کا تبھی فائدہ ہے جب وہ ”خوار بازاروں“ میں تبدیل نہ ہوں۔ رحمان ملک اور چودھری نثار میں چند قدریں مشترک ہیں تاہم ان کا کام کرنے کا انداز ذرا منفرد ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا موجودہ حکومت جتنی جلدی بلدیاتی الیکشن کروائیگی اتنا ہی فائدہ میں رہے گی۔ بلدیاتی الیکشن کا التواءانکی جماعت کیلئے نقصان کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ ابھی تک عمران خان کی جانب سے کے پی کے حکومت میں کئے جانیوالے اقدامات یا کوئی واضح تبدیلی نظر نہیں آرہی۔

ای پیپر-دی نیشن