ووٹوں کی انگوٹھے کے نشان سے تصدیق کے احکام پر عملدرآمد کے انتظامات مکمل
اسلام آ باد (این این آئی) نادرا نے الیکشن ٹریبونلز کی جانب سے انتخابی عذرداریوں کی سماعت کے دوران ووٹوں کی انگوٹھے کے نشان سے تصدیق کے احکام پر فوری عملدرآمد کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔نجی ٹی و ی کے مطابق نادرا نے یومیہ ایک لاکھ ووٹوں کی تصدیق کی صلاحیت کا سافٹ ویئر تیار کر لیا ہے۔ الیکشن ٹریبونلز میں ڈیڑھ سو انتخابی عذرداریوں کی باقاعدہ سماعت شروع ہو چکی ہے اور ٹریبونلز کو احکام ہیں کہ ان عذرداریوں کی سماعت مقررہ مدت میں مکمل کی جائے۔ انتخابی نتائج کے بعد بڑی سیاسی جماعتوں اور متعدد ایسے امیدوار جن کو انتخابات میں شکست ہوئی تھی یہ مطالبہ کیا تھا کہ ان حلقوں کے ووٹوں کی تصدیق انگوٹھے کے نشان سے کرائی جائے جس کے لیے الیکشن کمیشن نے واضح کیا تھا کہ اس کے انتظامات کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو لکھا گیا ہے۔تاہم ووٹوں کی تصدیق کا فیصلہ الیکشن ٹریبونلز کریں گے۔ ووٹوں کی تصدیق کاکام امیدواروں کی درخواست کی روشنی میں مکمل کیا جائےگا۔