حکمرانوں نے ملکی خود مختاری آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی: حامد رضا
لاہور (سٹاف رپورٹر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ چیف جسٹس اصغر خان کیس کے فیصلے پر عمل نہ ہونے کا نوٹس لیں۔ حکمرانوں نے پاکستان کی خودمختاری آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی ہے اور ورلڈ بینک کو اپنا معاشی قبلہ بنا لیا ہے۔ قومی قیادت قومی سلامتی کے امور سے لاتعلقی کا رویہ ختم کرے۔ اقوام متحدہ میں ملالہ کی تقریر ہر امن پسند فرد کے دل کی آواز ہے۔ سستی بجلی حاصل کرنے کے لیے کالاباغ ڈیم کی تعمیر ضروری ہے۔ وزیراعظم کالاباغ ڈیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں کریں۔ پارلیمنٹ بیرونی بینکوں میں پڑا ہوا لوٹ مار کا پیسہ واپس لانے کے لیے قانون سازی کریں۔ کرپشن کے ذریعے ہر سال قومی خزانے سے اربوں روپے چوری کر لئے جاتے ہیں۔ پارلیمنٹ کرپشن پر سزائے موت مقرر کرے۔ حکمران اشرافیہ نے کرپشن کا زہر ملک کی نس نس میں اتار دیا ہے۔ ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ کا غیرملکی میڈیا کے ذریعے منظرعام پر آنا فوج کو بدنام کرنے کی عالمی سازشوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے مصر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ مصر کو خانہ جنگی سے بچانے کے لیے اخوان قیادت کی رہائی اور مرسی حکومت کی بحالی ضروری ہے۔