امریکہ کی ڈرون پالیسی ناقابل برداست ہو چکی‘ حکومت حملے رکوانے کیلئے سخت اقدامات کرے: عمران خان
لندن/ اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شمالی وزیرستان میں ہونے والے ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر حملہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈرون حملے رکوانے کےلئے سخت اقدامات کرے کیونکہ امریکی انتظامیہ مسلسل پاکستان کے سیاسی اور سفارتی احتجاج کو نظرانداز کر تے ہوئے ڈرون حملے روکنے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر شمالی وزیرستان میں ہونے والے ڈرون حملے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شمالی و جنوبی وزیرستان میں جاری امریکی ڈرون حملے اب ناقابل برداشت ہوچکے ہیں جن میں معصوم جانوں کامسلسل ضیاع ہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ مسلسل سیاسی و سفارتی احتجاج کے باوجود امریکی انتظامیہ نے پاکستان کے حوالے سے اپنی ڈرون پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور مسلسل غیر قانونی طریقہ کار سے ڈرون حملے جاری کئے ہوئے ہیں جو بنیادی انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کی ڈرون پالیسی اب نا قابل برداشت ہوچکی ہے۔ انہوں نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا اب مزید مذمتی بیانات اور احتجاج کی بجائے ڈرون حملے رکوانے کےلئے عملی اقدامات ا ٹھا نا اور دیگر آپشنز کو زیر غور لانا ہوگاکیونکہ امریکہ مسلسل پاکستانی سفارتی اور سیاسی احتجاج کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی سابقہ پالیسیوں پر گامزن ہے۔