سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ آج کراچی بدامنی کیس میں عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے دائر درخواستوں کی سماعت کرےگا
کراچی/اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ آج پیر کو کراچی بدامنی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے روزانہ کی بنیادوں پر کیس کی سماعت کرے گا‘ جسٹس انور ظہیرجمالی ،جسٹس خلجی عارف حسین اورجسٹس امیر مسلم ہانی پر مشتمل تین رکنی بنچ کراچی میں امن وامان کے قیام کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کے خلاف دائر درخواستوں کی کراچی رجسٹری میں سماعت کرے گا‘ چیف جسٹس کی جانب سے تشکیل کردہ 2 بینچ (آج) سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔ بینچ ون چیف جسٹس افتخار محمد چودھری‘ جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس عظمت سعید شیخ پر مشتمل ہوگا جبکہ دوسرا بنچ جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں قائم کیا گیا ہے جس میں جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس اعجاز افضل خان شامل ہیں۔ بینچ نے (آج) سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے میں رینٹل پاور کیس‘ ہیوی ٹیکس نفاذ کیس‘ جعلی ڈگری کیس‘ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کے خلاف درخواستوں کی سماعت ، بلوچستان ترقیاتی فنڈ کیس‘ پی آئی اے کرپشن کیس‘ ای او پی آئی کرپشن کیس‘ سی ڈی اے زرعی فارمز کیس‘ بھٹہ مزدور کیس‘ متروکہ وقف املاک کیس‘ سابق صدر پرویز مشرف کی ججز نظر بندی میں ضمانت کے خلاف اسلم گھمن ایڈووکیٹ اور اسلم صدیقی کی درخواستوں کی سماعت‘ جیل قیدیوں کی حالت زار سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی جائے گی۔