• news

صدارتی الیکشن کیلئے حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے لابنگ شروع کردی

اسلام آباد (آن لائن )آئندہ صدارتی الیکشن کےلئے حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے لابنگ شروع کردی، اگرچہ حکمران مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں کو سینٹ اور قومی و صوبائی اسمبلیوں میں واضح برتری حاصل ہے تاہم ماضی کی طرح اب بھی آزاد اراکین اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور وہ حکومتی اتحاد کیلئے مشکلات بھی پیدا کر سکتے ہیں اس لئے مسلم لیگ ن آزاد اراکین کو منانے کےلئے سرگرداں ہے، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف بھی اپنے اپنے حلقوں میں سرجوڑ کر بیٹھ گئیں، چھوٹی سیاسی جماعتوں کا اہم کردار ہو گا جن میںعوامی مسلم لیگ ،مسلم لیگ ضیائ،نیشنل پارٹی ،مسلم لیگ (ف) عوامی جمہوری اتحاد ،پختونخوا میپ سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں۔ باوثوق ذرائع نے ”آن لائن“ سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ صدارتی الیکشن ماہ اگست میں ہوگا کیونکہ آئین کے مطاق صدر کی مدت کی تکمیل سے ایک ماہ قبل صدارتی الیکشن کا انعقاد ضروری ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری 9 ستمبر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائینگے۔ مسلم لیگ (ن) نے صدارتی امیدوار چھوٹے صوبے سے لانے کا فیصلہ کرلیا ہے اس سلسلے میں ممتاز بھٹو، سرتاج عزیز، غوث علی شاہ اور اقبال ظفر جھگڑا کے ناموں پر غور ہو رہا ہے۔ زیادہ تر سرتاج عزیز کے صدر بننے کے امکانات زیادہ روشن ہیں۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی نےحکومت کے مقابلے میں متفقہ صدارتی امیدوار لانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے‘ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے حکومت کے مقابلے میں متفقہ امیدوار لانے کیلئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کو تحریک انصاف‘ جے یو آئی (ف)‘ جماعت اسلامی ‘ (ق) لیگ‘ اے این پی‘ ایم کیو ایم اور عوامی مسلم لیگ سمیت آزاد امیدواروں سے رابطوں کی ہدایت کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن