چاغی: چینی کمپنی کو سپلائی دینے والے 4 آئل ٹینکرز کو آگ لگا دی گئی
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) بلوچستان کے علاقے چاغی میں ایک چینی کمپنی کو ایندھن فراہم کرنے والے چار آئل ٹینکروں کو نامعلوم مسلح افراد نے آگ لگا دی۔ لیویز اہلکار غلام حیدر نے نجی ٹی وی کو بتایا چاغی میں سونے اور تانبے کے ایک منصوبے کے لیے کام کررہی چینی کمپنی کو سپلائی کرنے والے ان ٹینکروں پر شدت پسندوں نے حملہ کر دیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق چاغی کے علاقے بک مچھ کے قریب نامعلوم افراد نے چار آئل ٹینکرز پر مارٹر گولے اور فائرنگ کر دی۔ لیویز ذرائع کے مطابق حملے سے ایک آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی جبکہ تین آئل ٹینکرز کا ہزاروں لٹر آئل ضائع ہو گیا۔ آئل ٹینکرز سینڈک پروجیکٹ کیلئے تیل لیکر جا رہے تھے۔ حملہ آور فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔