• news

شہباز صوبے کے حالات دیکھیں، بجلی چور پکڑنا وفاق کا کام ہے: پیپلز پارٹی، ق لیگ

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پہلے صوبے کے معاملات کو درست کریں۔ پھر وفاقی حکومت کے کاموں میں دخل دیں۔ بجلی گیس چوروں کو پکڑنا اچھا ہے مگر اپنی پارٹی کے ان اراکین اسمبلی کو پہلے پکڑیں جن پر بجلی اور گیس چوری کے الزامات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ق لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سنیٹر کامل علی آغا اور صدر آصف زرداری کے مشیر پی پی پی کے رہنما نوید چودھری نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کامل علی آغا نے کہا کہ بجلی اور گیس چوروں کے خلاف مہم میں اب تک جتنے لوگ پکڑے گئے ہیں ان سب کا تعلق (ن) لیگ سے ہے۔ ان کے خلاف حکومت اب کارروائی کرے۔ بجلی چوروں کو پکڑنے کا فائدہ تو تب ہو گا جب لوڈ شیڈنگ کم ہو گی۔ وزیراعظم کے اپنے حلقے میں سحری اور افطار کے اوقات میں اور نماز تراویح کے دوران بجلی بند رہتی ہے۔ نوید چودھری نے کہا کہ میاں شہباز شریف وزیراعلیٰ ہیں وہ کام کریں جو ان کا مینڈیٹ ہے۔ بجلی، گیس چوروں کو پکڑنے کا مینڈیٹ وفاقی حکومت کا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن